حدیث نبوی ﷺہے جو بندوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ کا بھی
شکر گزار نہیں ہوتا
ڈاکٹر نوشابہ حمید کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے بیگم رفعت جبیں قادری، فضہ
حسین قادری کا خطاب
منہاج القرآن کی قیادت کارکنان کو اولاد کی طرح سمجھتی ہے: خواتین رہنماء
لاہور (5 جولائی 2021) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام بانی رکن ڈاکٹر نوشابہ حمید کی یاد اور خدمات کے اعتراف میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیگم رفعت جبیں قادری نے کہا کہ نظریاتی کارکن تحریکوں کے جسم میں روح کی طرح ہوتے ہیں۔ منہاج القرآن کی قیادت کارکنان کو اولاد کی طرح سمجھتی ہے اور ان کی خدمات کا والہانہ اعتراف کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حدیث نبوی ﷺ ہے کہ جو بندوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ کا بھی شکرگزار نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نوشابہ حمید تحریک منہاج القرآن کا سرمایہ تھیں۔ انہوں نے آخری سانس بھی مشن کی خدمت کرتے ہوئے لیا۔ انہوں نے پوری زندگی دوسروں کی بھلائی کرنے کے جذبہ کے ساتھ بسر کی۔
صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے کہا کہ ڈاکٹر نوشابہ حمید (مرحومہ) نے اپنی توانائیاں اسلام اور تحریک منہاج القرآن کیلئے صرف کر رکھی تھیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کرنیوالوں کیلئے اللہ تعالیٰ دنیا میں ہی ہر خاص و عام کے دل میں احترام و محبت کے جذبات پیدا کر دیتا ہے۔ یقینا انسانیت سے پیار کرنیوالوں کیلئے آخرت میں بھی بڑے انعامات و درجات ہیں۔ ڈاکٹر نوشابہ حمید مرحومہ جیسی مخلص شخصیات معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لانے کا سبب بنتی ہیں۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فضہ حسین قادری نے کہا کہ ڈاکٹر نوشابہ حمید (مرحومہ) کی خدمات کو ہمیشہ یا رکھا جائے گا۔ مرحومہ منہاج القرآن ویمن لیگ سے وابستہ بیٹیوں کیلئے ایک شفیق ماں کا درجہ رکھتی تھیں۔ ڈاکٹر نوشابہ مرحومہ کی زندگی منہاج القرآن ویمن لیگ کی بیٹیوں کیلئے رول ماڈل ہے۔ تحریک منہاج القرآن کیلئے انکی خدمات اخلاص و استقامت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
دعائیہ تقریب میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز، مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، انیلا ڈوگر، ام حبیبہ اسماعیل، فریدہ سجاد، کلثوم قمر، آسیہ سیف، کلثوم طفیل، نورین علوی، فہنیقہ ندیم، شمیم خان، نرگس انعام، نسیم گلزار سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی دیگر مرکزی، صوبائی و ضلعی عہدیداران موجود تھیں۔
مقررین نے ڈاکٹر نوشبہ حمید مرحومہ کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔
تبصرہ