منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام ”سیدہ خدیجہؓ کانفرنس“ کا
انعقاد
فضہ حسین قادری، فرح ناز، سدرہ کرامت، انیلہ الیاس ڈوگر کا خطاب
لاہور (23 اپریل 2021ء) تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اُم المومنین حضرت سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ کے یوم وصال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ کی سیرت و عادات رہتی دنیا تک خواتین کیلئے مینارہ نور ہیں۔ جس سے روشنی حاصل کرنیوالی خواتین سلامتی و عافیت والی زندگی پائیں گی۔ سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ کی ہستی تمام عالم نسواں کیلئے ایک روشن و تابندہ مثال اور مکمل و اکمل نمونہ عمل ہے۔ حضر ت سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ کی پاکیزہ سیرت کو سامنے رکھتے ہوئے خواتین اپنے لئے راہ عمل متعین کریں۔ دریں اثناء منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں حضرت سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ کے یوم وصال کے موقع پر”سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضہ حسین قادری نے کہا کہ دین اسلام کی دعوت کو سب سے پہلے قبول کرنیوالی حضور اکرم ﷺ کی رازدار اور ہمسفر اُم المومنین حضرت سیدہ خدیجہؓ کی ذات ہی تھی۔ حضرت سیدہ خدیجہؓ نے نہ صرف سب سے پہلے اسلام قبول کیا بلکہ اپنی پوری زندگی جان و مال سب کچھ دین اسلام کی سربلندی کیلئے وقف کر دیا۔ حضرت سیدہ خدیجہؓ حضور اکرم ﷺ کی سب سے پہلی شریکِ حیات تھیں۔ سیدہ خدیجہؓ اپنے مقدس شوہر کی ہر خوشی اور غم میں شریک رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ خدیجہؓ کو تاریخ میں سیدہ، طاہرہ، صدیقہ و خدیجۃ الکبریٰ کے القابات سے یاد کیا جاتا ہے۔ اُم المومنین حضرت سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ نے صرف نبوت کی تصدیق ہی نہیں کی بلکہ آغاز اسلام سے لے کر زندگی کے آخری سانس تک ہر موڑ پر دین اسلام کی مددگار بھی رہیں۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت سیدہ خدیجہؓ تاریخ اسلام میں ایک منفرد شان اور مقام رکھتی ہیں۔ دین اسلام پر آپ کا ایثار ضرب المثل بن چکا ہے۔
مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت نے کہا کہ حضرت سیدہ خدیجہؓ حضور اکرم ﷺ کی شریکہ حیات بننے سے پہلے بھی طاہرہ اور سیدہ قریش کے لقب سے جانی جاتی تھیں۔ اسلام کی نشر و اشاعت میں حضرت خدیجہؓ رسول کریم ﷺ کا دست و بازو رہیں۔
نائب ناظمہ ویمن لیگ انیلہ الیاس ڈوگر نے کہا کہ حضرت سیدہ خدیجہؓ سے محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ کی محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حضور ﷺ نے حضرت سیدہ خدیجہؓ کی وفات کے سال کو”عام الحزن“ یعنی غم کا سال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا خوبصورت، پر امن اور روشن چہرہ دنیا کو دکھانے کیلئے ہمیں ان عظیم و منور ہستیوں کی سیرت کی پیروی کرنا ہو گی۔کھوئی ہوئی عظمت کو پھر سے حاصل کرنے کیلئے حضرت سیدہ خدیجہؓ کے نقش پا سے اپنے لئے عمل کی راہیں تلاش کرنا ہوں گی۔ کانفرنس سے عائشہ مبشر، حافظہ سحر عنبرین، اُم حبیبہ اسماعیل، سعدیہ احمد و دیگر خواتین نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ