خواتین کو ہراساں کرنے والے عبرت ناک سزا کے مستحق ہیں: فرح ناز

ہراسمنٹ کے خلاف ترمیم بل کی منظوری کا خیرمقدم کرتی ہیں
قوانین پر عملدرآمد اہم چیلنج ہے، مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ

Mrs. Farah Naz addresses a webinar

لاہور (3 اپریل 2021ء) تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف ترمیمی بل کی منظوری کا خیر مقدم کرتی ہیں۔ ورک پلیس پر خواتین کو میل سٹاف کے منفی رویے کا سامنا رہتا ہے اور اس ضمن میں شکایات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ خواتین اپنی عائلی گھریلو ذمہ داریاں پوری کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی سطح پر بھی اپنی خدمات انجام دیتی ہیں، انہیں ریاست کی زیادہ توجہ اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ خواتین کو ہراساں کرنے والے عبرتناک سزاؤں کے مستحق ہیں۔ ویمن لیگ کی مرکزی صدر نے کہا کہ قوانین تو بن جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد سب سے بڑا چیلنج ہے۔ پولیس سٹیشنز پر خواتین کی طرف سے آنے والی شکایات پر توجہ نہیں دی جاتی جس سے ہراسمنٹ کا جرم بڑھ رہا ہے۔ خواتین کو ہر طرح کے قانونی تحفظ اور معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کا نظام بگڑنے سے اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کا اخلاقی تانا بانا برباد ہو چکا ہے۔ اسلام خواتین کو عزت و احترام دیتا ہے۔ خواتین کے عزت و احترام کے کلچر کو پروان چڑھانے کیلئے تربیت اور تادیبی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ساری توجہ کردار اور اخلاق سازی پر ہے۔ تمام سماجی مذہبی تحریکیں اخلاق اور کردار سازی پر توجہ دیں۔ ائمہ مساجد خواتین کے عزت و احترام کے حوالے سے قرآنی تعلیمات پر خطبات دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہراسمنٹ کے خلاف منظور ہونے والے ترمیمی بل کو بلاتاخیر پبلک کیا جائے اور خواتین کو اپنے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے آگاہ ہونا چاہیے۔

تبصرہ