31 مارچ کو ڈاکٹر حسن محی الدین قادری افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے
اعتدال پر مبنی سوسائٹی کے قیام کیلئے آئندہ نسلوں کی اخلاقی تربیت ضروری ہے:ڈائریکٹر ایمن یوسف
بچوں کواوائل عمری میں ماحولیاتی آلودگی، ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور دینا ہو گا
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہر طبقہ فکر کے افراد کی تربیت کا نظام قائم کیا ہے
لاہور (29 مارچ 2021ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام بچوں کے لئے ایگرز کلب کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی افتتاحی تقریب 31 مارچ 2021 ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گی۔ کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر پاکستان اور بیرون ملک سے عہدیدار، خواتین تقریب میں آن لائن شریک ہوں گی۔ تقریب سے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری خطاب کریں گے۔
تقریب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ایگرز ایمن یوسف نے کہا کہ اعتدال پر مبنی سوسائٹی کے قیام اور ایک فرض شناس شہری کی تشکیل کے لئے آئندہ نسلوں کی اوائل عمری میں اخلاقی، روحانی تربیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ شکوہ عام ہے کہ سوسائٹی میں قانون شکنی بڑھ گئی، اخلاقی اقدار ملیا میٹ ہو گئیں، والدین بچوں کی نافرمانی کا گلہ کرتے نظر آتے ہیں۔ سوسائٹی میں یہ شکایت عام ہے کہ ٹریفک قوانین کا احترام نہیں کیا جاتا۔ دوران ڈرائیونگ اپنی اور دوسروں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کا جان لیوا رجحان بھی عام ہے۔ جھوٹ، لالچ اور دوسروں کو نقصان پہنچانے کے منفی خوفناک شکل اختیار کر چکے ہیں۔ ہم اس سارے سماجی، اخلاقی بحرانوں کا شکوہ تو کرتے ہیں مگر یہ بات بھول جاتے ہیں کہ والدین، استاد جس قسم کی نسل کو تربیت دے کر سوسائٹی میں بھیج رہے ہیں ویسے ہی نتائج سامنے آرہے ہیں۔ لہٰذا اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ کم سنی میں بچوں کی اخلاقی تربیت کی جائے۔ اس اہم دینی، قومی، ملی فریضہ کی ادائیگی کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کی روشنی میں منہاج القرآن ویمن لیگ نے ایگرز فورم تشکیل دیا اور اب دوسرے مرحلے میں ایگرز کلب تشکیل دیا جا رہا ہے اس کا مقصد والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے مل کر بچوں کی تربیت اور ان میں ایک ذمہ دار شہری بننے کا شعور اجاگر کرنا اور اس انتہائی کٹھن اور پیچیدہ تربیتی مراحل کا سائنسی، تکنیکی سطح پر سہل اور قابل قبول حل پیش کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بچوں کو صوم و صلٰوۃ کا پابند بنانا ہے۔ انہیں جھوٹ سے نفرت اور وقت کی قدر کرنے والا ایک ذمہ دار شہری بنانا ہے۔ بچوں کوماحولیاتی آلودگی کے مضمرات اور شجر کاری کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کرنا ہو گا۔ انہیں بچپن میں ٹرینڈ کرنا ہو گا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ایک سنگین جرم اور انسانی جان کے لئے خطرناک ہے۔ بچوں کو انسانیت کا احترام، والدین کا ادب اور اخلاق حسنہ سکھانا ہوں گے۔ بدقسمتی سے آج والدین، اساتذہ اور سوسائٹی اعلیٰ تعلیم پر تو بہت زور دیتی ہے مگر اعلیٰ تربیت کے ایک اہم گوشے کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بچوں کی تربیت پر انتہائی توجہ مرکوز کی ہے اور اس کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ایک پورا ڈیپارٹمنٹ قائم کروایا ہے۔ اللہ نے منہاج القرآن کو ہر عمر اور ہر طبقہ فکر کے افراد کی علمی، اخلاقی تربیت کی توفیق بخشی ہے۔ منہاج القرآن کے زیراہتمام خدمت دین اور خدمت خلق کے لئے الحمدللہ 42 سے زائد ڈیپارٹمنٹس، فورمز، ذیلی پروجیکٹس اور اندرون، بیرون ملک ہزاروں تنظیمات اپنا فعال کردار ادا کررہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی فومر ایگرز نے بچوں کی اخلاقی تربیت کا ایک جامع نصاب تیار کر لیا ہے۔ نصاب میں بچوں کی عادات، کردار سازی اور شخصیت کو نکھارنے پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے والدین سے مل کر بچوں کی تربیت کا ایک پائلٹ پراجیکٹ کیا تھا جس کے انتہائی شاندار نتائج برآمد ہوئے اور والدین نے اظہار تشکر کیا۔ ان حوصلہ افزاء نتائج کے بعد ایگرز کا تربیتی دائرہ کار ملک بھر تک بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایگرز میں رجسٹریشن حاصل کرنے والے بچوں کو 365 دن کا تعلیمی، تربیتی پلان دیا جاتا ہے جو لیکچر اور ایکٹیویٹی بیسڈ ہوتا ہے۔ نصاب میں اخلاقی تربیت کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں میں انگلش، اردو لینگوئج، گرافک ڈیزائننگ، کیلی گرافی، جدید آئی ٹی ٹولز کی ابتدائی سوج بوجھ کے ساتھ بولنے اور لکھنے کی صلاحیت کو بڑھانے کی تربیت بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو بھی مختلف لیکچرز کے ذریعے بچوں کی نفسیات کے مطابق ڈیل کرنے کی تربیت بھی ایگرز کے تربیتی نصاب کا حصہ ہے۔ والدین کو بتایا جاتا ہے کہ جنریشن گیپ کو کیسے کور کرنا ہے اور آئی ٹی کے اس دور میں بچوں سے کیسے ڈیل کرنا ہے۔
تبصرہ