حسینہ معین اور کنول نصیر کے انتقال پر منہاج القرآن ویمن لیگ کا اظہار تعزیت

لاہور (26 مارچ 2021ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے معروف مصنفہ، نامور ڈرامہ نگار حسینہ معین اور سینئر صحافی ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کی لیجنڈ کنول نصیر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم ٹی وی انڈسٹری اور علم و ادب سے وابستہ 2 اہم خواتین شخصیات حسینہ معین اور کنول نصیر سے جدا ہو گئے ہیں۔ حسینہ معین بہترین مصنفہ اور ڈرامہ نگار تھیں، انہوں نے اپنی تصانیف اور ڈراموں میں ہمیشہ خواتین کے حقوق کی بات کی ہے۔ کنول نصیر پانچ دہائیوں سے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن سے وابستہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حسینہ معین ڈرامہ نگاری، شعر و ادب کے حوالے سے ایک معتبر آواز تھیں۔ حسینہ معین متعدد کتابوں کی مصنفہ ہیں جو پاکستانی ادب کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی رحلت سے ملک ایک اہم لکھاری سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسینہ معین کی ادبی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں خواتین کی ادبی و صحافتی خدمات یاد رکھے جانے کے قابل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسینہ معینہ کے انتقال سے پاکستان میں ٹیلی پلے کے ایک درخشاں عہد کا خاتمہ ہو گیا۔ فرح ناز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ حسینہ معین اور کنول نصیر کو اپنے جوار رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔

تبصرہ