تعلیم حقوق و فرائض کا شعور پیدا کرتی ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن کا گرلز کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب
پرنسپل ڈاکٹر ثمر فاطمہ، فرح نازنے خطاب کیا، ڈاکٹر غزالہ حسن، فضہ حسین قادری کی خصوصی شرکت

لاہور (16 فروری 2021) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جس کے مرد و زن دونوں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں۔ تعلیم انسان میں حقوق و فرائض کا شعور پیدا کرتی ہے اور اسے اخلاق کے ساتھ ساتھ اچھے برے کی تمیز بھی سکھاتی ہے۔ تعلیم ہی کی بدولت اللہ تعالیٰ نے انسان کو افضلیت عطا فرمائی۔ دین اسلام تعلیم و تربیت پربہت زور د یتا ہے اور دین اسلام کی بنیادہی تعلیم و تربیت پر رکھی گئی ہے۔ تمام مسلمانوں کی یہ اہم دینی وشرعی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں۔ دین اسلام نے مرد و خواتین دونوں کی تعلیم پر زور دیا ہے۔ خواتین کی تعلیم کو اہمیت دیتے ہوئے دین اسلام نے ان لوگوں کیلئے کامیابی اور جنت کی خوشخبری سنائی ہے جو اپنی بیٹیوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیتے ہیں۔ عورت کی تعلیم دین اسلام کا حکم بھی ہے اور معاشرے کی خدمت بھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج گرلز کالج میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و تحقیقی خدمات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں قائد تحریک منہاج القرآن کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔

تقریب میں ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فضہ حسین قادری، بسمہٰ حسن قادری، پرنسپل منہاج گرلز کالج ڈاکٹر ثمر فاطمہ، مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز، مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل سمیت اساتذہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثمر فاطمہ نے کہا کہ اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔ فرح ناز نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علم، تحقیق اور فروغ امن کیلئے چار دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔

تقریب میں طالبات نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی خدمات کے حوالے سے تقاریر کیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت، درازی عمر اور ملکی خوشحالی کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی۔

تبصرہ