حضور نبی اکرم ﷺ سیدہ کائنات سے بے حد پیار کرتے تھے، ناظمہ منہاج
القرآن ویمن لیگ
سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت پر ویمن لیگ کی طرف سے خصوصی فکری نشست کا
انعقاد
لاہور (3 فروری 2021ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیدہ کائنات فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت پر منعقدہ خصوصی فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظمہ ویمن لیگ سدرہ کرامت نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ سیدہ کائنات سے بے حد پیار کرتے تھے۔ آپ ﷺ کی بیٹی کے لئے یہ شفقت اور محبت قیامت تک والدین کے لئے کلمہ نصیحت ہے کہ بیٹیوں کو بوجھ سمجھنے کی بجائے ان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔ بیٹیوں کی بہترین تعلیم و تربیت کی جائے۔
مرکزی ناظمہ نے کہا کہ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کو جنتی عورتوں کی سردار قرار دیا گیاہے۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا اخلاق اور پاکیزہ زندگی ہر ماں کے لئے مشعل راہ اور نمونہ عمل ہے۔ ماؤں کو اولاد کی تربیت کے لئے رہنما اصول بتول زہرہ سلام اللہ علیہا کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنے ہوں گے۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا نے حضرت امام حسنؓ، حضرت امام حسین ؓ علیھم السلام اور سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔ آج سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ آپ سلام اللہ علیہا ایک عظیم بیٹی اور بلند رتبہ والی ماں تھیں آپ سلام اللہ علیہا نے حسنین کریمین کی ایسی تربیت کی کہ انہوں نے دین مصطفی کو خون کا نذرانہ دے کر قیامت تک کے لئے سرخرو کر دیا۔
سدرہ کرامت نے کہا کہ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا اہل بیت اطہار میں سے ہیں جن کے بارے میں آقائے دوجہاں حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان عالیشان ہے کہ ’’لوگو میں تم میں دو چیزیں چھوڑ کر جانے والا ہوں اور تم ان کی اتباع کرو گے تو کبھی گمراہ نہیں ہو گے اور وہ دو چیزیں کتاب اللہ اور میرے اہل بیت ہیں۔‘‘ فکری نشست میں عائشہ مبشر، انیلا الیاس، ام حبیبہ اسماعیل، رافعہ عروج، فاطمہ سعید، نورین علوی اور دیگر خواتین رہنماء بھی موجود تھیں۔
تبصرہ