منہاج ویمن لیگ کے 33 ویں یوم تاسیس کی آنلائن عالمی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ خواتین سوسائٹی کو خواندہ، پرامن اور خوشحال بنانے کا چیلنج قبول کریں، اللہ رب العزت نے خواتین کو خلوص کے ساتھ ساتھ بے پناہ انتظامی صلاحیتوں سے نوازا ہے، تعلیم تحفظ حقوق نسواں اور ویمن امپاورمنٹ کی منزل کے حصول کی طرف پہلا قدم ہے۔
والدین بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کو سب سے زیادہ اہمیت اور فوقیت دیں یہ دنیا اورآخرت کی بہترین انویسٹمنٹ ہے، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی ذمہ داران کو خواتین اور بچوں کی اسلامی تعلیم و تربیت کے لئے انجام دی جانے والی خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور یوم تاسیس پر منہاج ویمن لیگ انٹرنیشنل کی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری اور منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کی صدر فرح ناز اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین کے تعلیمی، تربیتی و اصلاحی کردار کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور پاکستان سے باہر ہزاروں خاندان مستفید ہوئے ہیں، انہوں نے ”وائس“ ”ایگرز“ اور ”الہدایہ“ کے کامیاب پراجیکٹس کے اجراء پر بھی خواتین عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبہ کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے جب بھی کوئی اصلاحاتی ایجنڈا دیا گیا خواتین ہر اول دستہ بنیں۔
یوم تاسیس کی تقریب سے نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز، سدرہ کرامت، امریکہ سے ڈاکٹر مایہ ناز، آسٹریلیا سے سارہ امینا، گلف سے فوزیہ شفیق، یوکے سے نسرین اختر اور یورپ سے ڈاکٹر بشریٰ ریاض نے خطاب کیا اور منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے انجام دی جانے والی اصلاحی، تعلیمی، تربیتی کارکردگی پر مشتمل رپورٹس پیش کیں۔
اجلاس میں آسٹریلیا، فرانس، ہالینڈ، ناورے، جنوبی کوریا، جاپان اور دیگر یورپین ممالک کی ذمہ داران نے آن لائن شرکت کی، پاکستان سے ام حبیبہ اسماعیل، عائشہ مبشر، انیلا الیاس ڈوگر نے بھی اظہار خیال کیا اور کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کے لئے یوم تاسیس کی اہم تقریب آن لائن منعقد کی گئی، یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر فرح ناز نے کہا کہ بیداری شعور، کردار سازی اور فروغ امن کے حوالے سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی جملہ مساعی کا مرکز و محور خواتین اور بچے ہیں، منہاج القرآن ویمن لیگ کا نصب العین ہے کہ پاکستان کی ہر بیٹی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو اور اپنی اسلامی، قومی، دینی، عائلی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہو۔ منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی مرکزی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے بھی یوم تاسیس پر جملہ ذمہ داران و کارکنان کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، منہاج ویمن لیگ پاکستان کی صدر فرح ناز اور ان کی پوری ٹیم کو یوم تاسیس پر مبارکباد بھی پیش کی۔
عالمی یوم تاسیس میں آنلائن شرکاء شیخ الاسلام کا خطاب سنتے ہوئے
تبصرہ