منہاج القرآن ویمن لیگ حیدرآباد کے زیرِاہتمام 5 نومبر 2020ء کو ’’حبِ مصطفیٰ ﷺ وجۂ بقائے ایمان‘‘ کے عنوان سے محفل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا جس سے منہاج القرآن ویمن لیگ سندھ کی زونل ناظمہ عائشہ مبشر نے خصوصی خطاب کیا۔ محفل میں منہاج القرآن ویمن لیگ خیبر پختونخواہ کی ناظمہ فاطمہ سعید نے خصوصی شرکت کی، جبکہ شرکاء میں بیگم مفتی سید عظمت علی شاہ، بیگم مفتی یعقوب سعید ہزاروی، آمنہ خاتون قائم خانی، بانو عبدالستار اور پروین افتخار سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران و کارکنان شریک تھیں۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت وانیہ جمشید نے حاصل کی اور انشراح جمشید نے حمدیہ کلام پیش کیا، جبکہ سیدہ کلثوم دعا ارشاد، سیدہ حافظہ رابعہ، عتیہ شیخ اور دیگر نے بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
محفلِ میلاد کی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ مبشر نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی میلاد النبی ﷺ کے موضوع پر مرتب کردہ کتب کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول سایہ فگن ہوتے ہی عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آمدِ مصطفیٰ کی خوشیاں منانے کا آغاز کر دیتے ہیں۔ گذشتہ چار دہائیوں سے تحریک منہاج القرآن نے اپنے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں اس ماہ مقدس کو جس عظیم الشان طریقے سے مناتی ہے اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ تحریک منہاج القرآن کی پہچان اور انفرادیت محبت و عشقِ مصطفیٰ ﷺ سے عبارت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے جشنِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کا اہتمام نہایت تزک و احتشام سے کیا جاتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے بھرپور ذوق و شوق کے ساتھ حضور ﷺ سے والہانہ محبت و الفت اور آپ ﷺ سے وفاداری نبھانے کا پیغام نہ صرف دنیا بھر میں پہنچایا ہے بلکہ جشن آمد مصطفیٰ ﷺ کو معاشرتی ثقافت کا اہم حصہ بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ آمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی کے ساتھ ساتھ ولادت باسعادت کی مقصدیت و اہمیت کے تصور کو بھی اجاگر کیا اور معاشرے میں اتحاد و یکجہتی، محبت و رواداری، امن و آشتی اور قوتِ برداشت کی تعلیمات کو بھی فروغ دیا ہے۔
تبصرہ