اسلام نے وارثت میں حصہ دار بنا کر خواتین کے معاشی حقوق کا تحفظ کیا، چیئرمین سپریم کونسل
منہاج القرآن ویمن لیگ کی 3 سو سکالرز ربیع الاول میں 3 ہزار مقامات پر لیکچرز دیں گی
میلاد کڈز بک کی تقریب رونمائی، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد، فرح ناز و دیگر کا خطاب
لاہور (12 اکتوبر 2020ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول پلان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے وارثت میں حصہ دار بنا کر خواتین کے معاشی حقوق کا تحفظ کیا، خواتین کو تعلیم، تربیت اور ہنر دینا حقیقی ویمن امپاورمنٹ ہے، اسلام نے خواتین کو سوسائٹی کا باوقار رکن بنایا اور اس کے حقوق و فرائض کا تعین کیا، اسلام میں مرد اور خواتین دونوں کے لئے تعلیم کو لازم قرار دیا گیا ہے، خواتین کو تعلیم اور ترقی کے دھارے سے دور رکھنے کی ہر کوشش خلاف قرآن و سنت ہے۔
تقریب سے نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، مرکزی صدر فرح ناز، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل، کلثوم طفیل، اقراء مبین نے بھی خطاب کیا۔
مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز نے استقبال ربیع الاول پلان کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی 300 سے زائد خواتین سکالرز ربیع الاول پلان کے تحت پاکستان بھر میں 3 ہزار سے زائد مقامات پر سیرت النبی ﷺ کانفرنسز سے خطاب کریں گی، اس کے علاوہ عرفان الہدایہ پروگرام کے تحت ایک لاکھ نئی خواتین کو علوم القرآن کے بارے میں آن لائن لیکچرز دئیے جائیں گے اور خواتین کو قرآن ریڈنگ اور اس کی تفہیم کے قابل بنایا جائے گا۔ اس موقع پر میلاد کڈز بک کی بھی تقریب رونمائی کی گئی، فرح ناز نے بتایا کہ مختلف سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو میلاد مہم میں شریک کیا جائے گا اور سیرت النبی ﷺ کے مختلف گوشوں کو سرگرمیوں کے ذریعے نمایاں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی اصلاح احوال اور اصلاح معاشرہ کے ضمن میں شاندار دینی خدمات پر انہیں مبارکباد دی۔
تبصرہ