ویمن لیگ کے زیراہتمام 18 سے 22 مارچ تک الحکمۃ کیمپ منعقد ہو گا
ڈاکٹر طاہرالقادری نے خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے مثالی ادارے قائم کئے، مرکزی صدر ویمن لیگ
لاہور(5مارچ 2020ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام 18 مارچ سے ”الحکمۃ“کے عنوان سے 5 روزہ تربیتی کیمپ منعقد ہو گا جو 22 مارچ تک جاری رہے گا جس کا مقصد خواتین کی کیئر کونسلنگ، عصری تقاضوں کے مطابق ان کی تربیت، ویمن امپاورمنٹ کے حقیقی تصور کو اجاگر کرنا اور خواتین میں تعلیمی، دعوتی رجحانات کو فروغ دینا ہے۔ کیمپ میں منہاج القرآن کی ضلع اور تحصیل کی عہدیدار شریک ہونگی جن کی تعداد 8 سو سے زائد ہو گی۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر فرح ناز نے کہا کہ کیمپ 18مارچ سے شروع ہو کر 22مارچ تک جاری رہے گا۔ کیمپ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مرکزی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کی سرپرستی میں منعقد ہو رہا ہے، پانچ روزہ تربیتی کیمپ سے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فضہ حسین قادری کے خصوصی تربیتی لیکچرز ہونگے۔
مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز نے کہا کہ اصل ویمن امپاورمنٹ خواتین کو تعلیم و تربیت دینا، انہیں ہنر مندبنانا اور حقوق و فرائض سے روشناس کروانا ہے، خواتین کی امپاورمنٹ کیلئے منہاج القرآن 365 دن کام کرتی ہے۔ الحکمۃ کیمپ بھی اسی تعلیمی، تربیتی پروگرام کاحصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین آئندہ نسلوں کی امین ہیں، پڑھی لکھی ماں ہی ایک پڑھے لکھے پرامن، مہذب معاشرے کی تشکیل میں مرکزی کردار کی حامل ہے، انہوں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے خواتین کو تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے چاردہائیوں سے بے مثال جدوجہد کی، منہاج القرآن کے تعلیمی، تربیتی اداروں سے مستفید ہونے والی خواتین کی تعداد لاکھوں میں ہے۔
تبصرہ