منہاج کالج فار ویمن (بزم منہاج)کے زیراہتمام 12 مختلف یونیورسٹیز، کالجز اور مدارس کی طالبات کے درمیان ’’موبائل فون سے زندگی میں سکون ہی سکون ہے‘‘ کے موضوع پر مباحثے کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم موضوع پر ہونے والے تقریری مقابلے میں جی سی یونیورسٹی، گریژن پوسٹ گریجوایٹ کالج، گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ، جامعہ نوریہ، رضویہ فیصل آباد، منہاج گرلز کالج کی طالبات نے حصہ لیا۔ طالبات نے موبائل فون کے فائدے اور نقصانات پر گفتگو کی، طالبات کے پر اعتماد لہجے اور معلوماتی گفتگو سن کر حاضرین داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔ تقریری مقابلے کے مہمان خصوصی تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری تھے۔ ڈاکٹر رضوان احمد، پروفیسرالیاس اعظمی نے ججز کے فرائض انجام دئیے۔ اعجاز احمد چودھری، ڈاکٹر ثمر فاطمہ پرنسپل منہاج کالج فار ویمن، پروفیسر نور الزماں نوری، ڈاکٹر محمد افضل کانجو، محمد آفتاب قادری، ام حبیبہ انچارج بزم منہاج نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو سرٹیفکیٹس، میڈلز، شیلڈز اور نقد انعامات دئیے۔ جی سی یونیورسٹی کی طالبہ صالح محسن نے پہلی، عنبرینہ خان گریژن پوسٹ گریجوایٹ کالج کی طالبہ نے دوسری اور جامعیہ نوریہ رضویہ فیصل آباد کی طالبہ فرحت شاہین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ ہمیشہ وہی قوم ترقی کرتی ہے جس کے طلبہ و طالبات کا مقصد اور منزل واضح ہو۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کا اثاثہ ہیں، فروغ تعلیم اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات قابل تقلید اور قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون کو اگر دانشمندی سے صرف ضرورت کے لئے استعمال کیا جائے تو یہ بہت مفید ہے، زندگی میں آسانیاں پیدا کرتا ہے، موبائل فون معلومات کی فراہمی کا ذریعہ بھی ہے، موبائل فون کے ذریعے طلباء اور طالبات پڑھائی میں مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے غلط استعمال کے نقصانات بھی ہیں، گاڑی اور موٹر سائیکل چلاتے وقت حادثے کی بڑی وجہ موبائل فون کا ا ستعمال ہے، موبائل کے غلط استعمال سے بہت سے معاشرتی مسائل جنم لیتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل منہاج کالج فار ویمن ڈاکٹر ثمر فاطمہ نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں جدید و قدیم علوم کا حسین امتزاج ہے، کسی بھی چیز کے استعمال سے اس کے فائدے اور نقصان کا تعین کیا جاتا ہے۔ موبائل جہاں ایک نعمت ہے وہاں اس کے زیادہ استعمال سے بچوں کی تعلیم و تربیت اور صحت پر برا اثر بھی پڑتا ہے، تقریب میں پروفیسر نور الزماں نوری انچارج اردو، ڈاکٹر محمد افضل کانجو اور محمد آفتاب قادری نے بھی خصوصی شرکت کی۔
تبصرہ