چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج
القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی مبارکباد
تجدید واحیائے دین کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین سکالرز شاندار علمی،
تحقیقی کردار ادا کررہی ہیں
بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، قاضی زاہد حسین، جی ایم ملک،
نوراللہ صدیقی و دیگر رہنماؤں کی مبارکباد
لاہور (6 جنوری 2020) منہاج القرآن ویمن لیگ کا 31 واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا بھر میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا، شہر شہر عزم آہن، جہد مسلسل، عمل پیہم کے عنوان سے یوم تاسیس کی تقریبات منعقد کی گئیں، کانفرنسز، سیمینارز کا انعقاد کیا گیا، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کو 31ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کامیابی کی اس منزل پر کھڑی ہے کہ آج اس کا پیغام دنیا کے پانچ براعظموں تک پہنچ چکا ہے۔
لاکھوں خواتین تحریک منہاج القرآن کے ساتھ وابستہ ہو کر دین مبین کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہیں، قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 30 برس قبل منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھ کر خواتین کو ایسا پلیٹ فارم دے دیا ہے جہاں سے وہ دین کی سربلندی کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔
نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین، جی ایم ملک، احمد نواز انجم، نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، شاکر مزاری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، علامہ رانا محمد ادریس، فیاض وڑاءچ، بشارت جسپال، قاضی شفیق، جوادحامد، مظہر علوی، عرفان یوسف، شہزاد رسول چودھری، علامہ میر آصف اکبر، حافظ غلام فرید، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، اشتیاق حنیف مغل سمیت رہنماؤں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کو 31ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ اندرون ملک و بیرون ملک دین مبین کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہے اور گھر گھر اسلام کا حقیقی پیغام پہنچارہی ہے۔ پورے ملک میں یونین کونسل سطح تک منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات کا متحرک وجود اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مستقبل میں آنے والی حقیقی تبدیلی میں عورت کا ماں، بہن، بیٹی کے روپ میں اہم کردار ہو گا، منہاج القرآن ویمن لیگ الہدایہ پراجیکٹ کے ساتھ تعلیمات قرآنی کو فروغ دے رہی ہے، ایگرز کے پلیٹ فارم سے بچوں کی تربیت کررہی ہے۔
بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے کہا کہ کردار سازی اور اصلاح احوال کے حوالے سے کوئی ایسا شعبہ نہیں جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ نے نمایاں کردار ادا نہ کیا ہو۔ منہاج القرآن ویمن لیگ دین مبین کی زریں اقدار کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے جس سے پوری دنیا میں حقیقی اسلامی تعلیمات کو فروغ مل رہا ہے۔
ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تجدید احیائے دین کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین سکالرز شاندار علمی، تحقیقی کردار ادا کررہی ہیں۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے خواتین کی امپاورمنٹ اور پاکستان کی خواتین کو قائدانہ کردار کی حامل بنانے کیلئے تعلیمی، معاشی، سماجی شعور میں لازوال جدوجہد کی ہے۔
تبصرہ