منہاج القرآن ویمن لیگ کا عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ شروع، 20 شہروں سے خواتین اسکالرز کی شرکت

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 9 روزہ عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ بیت الزہرہ ٹاؤن شپ میں شروع ہو گیا۔ ٹریننگ کیمپ میں سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، جہلم، وہاڑی، سرگودھا، چکوال، ہری پوری، مری سمیت 20 مختلف شہروں سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین اسکالرز شریک ہیں۔ ٹریننگ کیمپ 29 دسمبر تک جاری رہے گا۔

9 روزہ عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ میں خواتین شرکاء کو تجدید و گرائمر کے علاوہ اسلام کے بنیادی عقائد، بنیادی فقہی مسائل اور قرآن فہمی کے حوالے سے لیکچر دئیے جائیں گے۔ عملی مشقیں بھی کروائی جائیں گی، ٹریننگ کیمپ میں دروس قرآن کے طریقہ کار پر بھی تربیت دی جائے گی۔

ٹریننگ کیمپ کے پہلے روز تربیتی سیشن میں آنے والی خواتین کو مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز، مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، ام کلثوم، ہاجرہ بی بی، کلثوم قمر و دیگر رہنماؤں نے خوش آمدید کہا، ڈائریکٹر کورسز حافظ سعید رضا بغدادی، ڈپٹی ڈائریکٹر علامہ منہاج الدین، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، قاری عثمان نے لیکچرز دئیے۔

مرکزی صدر فرح ناز نے کلمات استقبالیہ میں 9 روزہ تربیتی عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن اور فکر کی روشنی میں منہاج القرآن ویمن لیگ خواتین کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا ذریعہ ہے، مسلمانوں کی ترقی، خوشحالی اور کامیابیوں کا انحصار اس مقدس کتاب سے وابستگی پر ہے، قرآن مجید کی تلاوت کرنا باعث برکت ہے اور باعث ثواب بھی ہے۔ اس سے ایمان بڑھتا ہے اور دلوں کا زنگ اترتا ہے۔

ٹریننگ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید رضا بغدادی، غلام مرتضیٰ علوی، علامہ منہاج الدین نے کہا کہ قرآن حکیم کے نزول کے اصل مقصد کو سمجھنے اور جاننے کیلئے قرآن حکیم کے معانی و مطالب سے آگاہی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ قرآن مجید کو پڑھنا، سمجھنا، اس کی تعلیمات پر عمل کرنا اور اس کی تعلیمات دوسرے لوگوں تک پہنچانا اس قدر ضروری ہے کہ اس کے بغیر کوئی بھی انسان نہ دنیا میں کامیاب زندگی گزار سکتا ہے اور نہ آخرت کی زندگی میں نجات حاصل کر سکتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ قرآن کریم کے نزول کا ایک بنیادی مقصد یہ ہے کہ انسان اس سے ہدایت اور نصیحت حاصل کرے، قرآن حکیم کو سمجھ کر پڑھنے کی بہت فضیلت ہے۔

تبصرہ