گریجوایٹ خواتین کیلئے 9 روزہ قرآن لرننگ الہدایہ کیمپ 21 دسمبر کو شروع ہوگا
منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں رجسٹریشن شروع ہے، پراجیکٹ ڈائریکٹر کلثوم قمر
لاہور (18 دسمبر 2019ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین علم اور عمل قرآن سیکھنا اور سکھانا ہے، قرآنی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے ہم نظریاتی اور فکری حوالے سے لاتعداد مسائل سے دو چار ہیں۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآنی علوم کے فروغ اور تفہیم کیلئے منہاج القرآن کی بنیاد رکھی، الحمداللہ گزشتہ 39 سال سے منہاج القرآن اور 31 سال سے منہاج القرآن ویمن لیگ قرآنی فکر کو عام کررہی ہے۔ اس موقع پر عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ کی ڈائریکٹر کلثوم قمر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ عرفان الہدایہ کے زیر اہتمام کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی عمارت میں 21 سے 29 دسمبر 2019ء تک 9 روزہ عرفان الہدایہ ڈپلومہ کورس کا انعقاد کررہی ہے، الہدایہ ٹریننگ کیمپ میں گریجوایٹ خواتین کی رجسٹریشن جاری ہے۔
کلثوم قمر کا مزید کہنا تھا کہ بعض اوقات انسان قرآنی علوم حاصل کرنا چاہتا ہے مگر عملی زندگی کی مصروفیات اور قرآن فہمی کی سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے وہ اس نعمت سے محروم رہ جاتا ہے۔ اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے منہاج القرآن نے قرآن لرننگ کے حوالے سے شارٹ کورسز شروع کر رکھے ہیں۔ الہدایہ ٹریننگ کیمپ اسی سلسلے کا ایک عملی اقدام ہے جو خواتین کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا 9 روزہ کورس کے شرکاء کو تجدید و گرائمر کے علاوہ اسلام کے بنیادی عقائد، بنیادی فقہی مسائل، علم الحدیث اور مسنون دعاؤں کے بارے میں لیکچرز دئیے جائینگے اور عملی مشق بھی کروائی جائیگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فن خطابت اور درس قرآن کے طریقہ کار پر بھی تربیت دی جائیگی، انہوں نے کہا کہ عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ کی 9 روزہ ٹریننگ کے ذریعے ماسٹر ٹرینر تیار ہونگی جو اپنے اپنے مقام پر مقامی خواتین کو قرآن فہمی کے حوالے سے تعلیم دینگی۔
تبصرہ