ڈاکٹر طاہرالقادری ملک و قوم کا عظیم سرمایہ ہیں: حریت رہنما مشعال ملک

ڈاکٹر طاہرالقادری نے امتِ مسلمہ کے ماتھے سے دہشت گردی کا دھبہ مٹانے کے لئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں
کشمیر میں ظلم بربریت کے خاتمے کیلیےاقوام متحدہ اور او آئی سی اپنا کردار ادا کریں: مرکزی صدر منہاج ویمن لیگ ڈاکٹر فرح ناز

حریت رہنما مشعال ملک نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک و قوم کا عظیم سرمایہ ہیں، تحریک منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہرالقادری نے جہاں معاشرے کے بگاڑ کو درست سمت پر ڈالنے کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے، وہاں امت کے جوانوں کو عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، صحابہ کرام، پنجتن پاک اور اولیائے کرام کے ادب کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دنیا کو دہشت گردی سے نمٹنے اور مسلمانوں کے ماتھے سے دہشت گردی کا لگا ہوا دھبہ مٹانے کے لئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 8 دسمبر 2019 کو منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کے زیراہتمام منعقدہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی داستانیں ر قم کی جا رہی ہیں، کشمیری مسلمان 128 دنوں سے مسلسل لاک ڈاؤن میں ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو ظلم سے نجات کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر فرح ناز نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے مسلمانوں کو اذیت ناک صورت حال سے نکالنے کے لئے اقوام متحدہ، او آئی سی اور حکومت پاکستان کو اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔ ڈاکٹر فرح ناز کا مزید کہنا تھا کہ تنگ نظری، انتہا پسندی اور عدم برداشت میں امت مسلمہ کی نظریاتی و فکری بنیادوں کو بہت کمزور کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کے معاملے میں امتیازی رویہ اختیار کرنا تنگ نظری ہے، تعلیمات محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ایسی تنگ نظری کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اللہ نے امت محمدیہ کو اعتدال والی امت قر ار دیا جو اعمال و افعال میں حد سے تجاوز نہیں کرتی، اسلام نے اعتدال اور میانہ روی پر اس حد تک زور دیا کہ عبادات کرتے وقت بھی اعتدال کا راستہ اختیار کیا جائے۔ اسلام میں کسی قسم کے جبر کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ راضیہ نوید، صدر اسلام آباد نصرت امین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، ناظم تحریک مشتاق قادری، حفیظ اعوان نے بھی شرکت کی۔ سیرت النبی کانفرنس میں خواتین نے نعت رسول مقبول پیش کی۔راضیہ نوید اور نصرت امین نے اظہارِ تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے میلاد پلان مہم 2019 کے تحت ملک بھر میں 3 ہزار سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسز منعقد کرنے کا جو پلان بنایا تھا اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ ویمن لیگ کی کانفرنسز میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد خواتین شریک ہوئیں اور یہ کانفرنسز روحانی و تربیتی اعتبار سے انتہائی کامیاب رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسز کے انعقاد کا دائرہ ٹاؤن اور یونین کونسل تک بڑھائیں گے۔

تبصرہ