وزیر اطلاعات سندھ نے بچی کو سنگسار کیے جانے کے حوالے سے حتمی رپورٹ جاری کریں
اسلام کے نام پر حاصل کیے جانے والے ملک میں خواتین کی تذلیل ناقابل برداشت ہے
لاہور (5 دسمبر 2019ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ دادو کی رہائشی قوم کی بیٹی گل سما کو سنگسار کیے جانے والے واقعہ پر پوری قوم تشویش میں مبتلا ہے سندھ حکومت قوم کے سامنے حقائق لائے، وزیر اطلاعات سندھ نے بچی کو سنگسار کیے جانے کے حوالے سے تاحال کوئی ٹھوس بات نہیں کی اور واقعہ کی تحقیقات کروانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ گل سما کا پوسٹ مارٹم ہونا چاہیے اور اصل حقائق سامنے آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ کی مکمل چھان بین کی جائے اور اگر خدانخواستہ بچی کو سنگسار کیے جانے والا واقعہ ہوا ہے تو اس سنگین جرم میں ملوث انسان نما درندوں کوعبرتناک سزا ملنی چاہیے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں سینئر رہنما خواتین سے گفتگو کررہی تھیں۔
فرح ناز نے کہا کہ اسلام کے نام پر حاصل کیے جانے والے ملک میں خواتین کے ساتھ ظلم و زیادتی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام خواتین سمیت سوسائٹی کے کمزور طبقات کو تحفظ دیتا ہے۔ آئین پاکستان میں بھی ماورائے عدالت کسی کی جان لینا سنگین جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں آئے روز خواتین کے خلاف مختلف جرائم کی خبریں دیکھنے، سننے کو ملتی رہتی ہیں، کوئی بیمار ذہنیت ہی خواتین پر ظلم کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات سندھ اس ضمن میں مکمل تحقیقات کے بارے میں آگاہ کریں۔
تبصرہ