عالم اسلام سیاست،معیشت اور معاشرت میں سیرت النبی
صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے رہنمائی لے
سیالکوٹ، چیچہ وطنی میں سینئر مرکزی رہنما عائشہ شبیر نے کانفرنس سے خطاب کیا
لاہور (20 نومبر 2019ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر مرکزی رہنما عائشہ شبیر نے سیالکوٹ اور چیچہ وطنی میں ’دہر میں اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجالا کر دے‘ کے موضوع پر منعقدہ عظیم الشان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کو سیاست، معیشت اور معاشرت کو اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق استوار کرنے کی ضرورت ہے، اہل ایمان کی نجات قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے کیونکہ ایمان والا آخرت کے لیے جیتا ہے۔ پاکستان کو پرامن اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے سیرت طیبہ سے رہنمائی لینا ہو گی۔ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسز میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خواتین، طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
عائشہ شبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ رواں صدی اللہ نے قائد تحریک منہاج القرآن اور تحریک منہاج القرآن کو یہ توفیق بخشی کہ وہ ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشیاں نگر نگر اور شہر شہر بانٹ رہی ہے اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی گھر گھر پہنچارہی ہے۔ عائشہ شبیر نے کہا کہ 5 ہزار موضوعات اور 8 جلدوں پر مشتمل قرآنک انسائیکلوپیڈیا کی تالیف کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 40 جلدوں پر مشتمل حدیث مبارکہ کا انسائیکلوپیڈیا تالیف کررہے ہیں، بہت جلد یہ انسائیکلوپیڈیا دنیا بھر کے مسلمانوں اور ہر طبقہ اور مکتب فکر کے مطالعہ کے لیے دستیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کے اندر اور پاکستان کے باہر خواتین کی اخلاقی، روحانی تربیت اور آبیاری کے لیے شب و روز برسر پیکار ہے۔ خواتین کی تربیت ہمارا اسلامی، قومی، ملی فریضہ ہے۔ کانفرنسز کے اختتام پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس کے حضور درود و سلام پیش کیا گیا۔
تبصرہ