منہاج القرآن ویمن لیگ 150 شہروں میں 3 ہزار سیرت کانفرنسز کا
انعقاد کریگی
مرکزی صدر فرح ناز، سدرہ کرامت، انیلہ الیاس، ام حبیبہ کی بریفنگ
لاہور (18 نومبر 2019ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ اسلام خواتین کی تعلیم اور حقوق کے تحفظ کا سب سے بڑا داعی دین ہے، اسلام کے ماڈریٹ ویژن کو پیش کرنے کے لیے سیرت النبی ﷺ کے تمام گوشوں کو عامۃ الناس کے سامنے پیش کرنا ہو گا، اس ضمن میں منہاج القرآن ویمن لیگ نے پاکستان کے 150 شہروں میں 3 ہزار سیرت کانفرنسز منعقد کرنے کا پلان وضع کیا ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے میلاد کانفرنسز کے کلچر کو عام کر کے دنیا کے سامنے حضور نبی اکرم ﷺ کی پاک سیرت کو پیش کیا ہے۔
میلاد پلان 2019 ء کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ناظمہ دعوت سدرہ کرامت، انیلہ الیاس اور ام حبیبہ نے بتایا کہ میلاد پلان 2019 ء کے تحت ملک بھر میں سیرت کانفرنسز کا انعقاد شروع ہو گیا ہے، اس کا آغاز 13 نومبر کو لاہور سے ہوا۔ انہوں نے بتایا 19 نومبرکو منڈی بہاؤ الدین، 20 نومبرکو سید والا، 23 نومبر کو راولپنڈی، 24 نومبر کو شورکوٹ، سرگودھا، دیپالپور، جہلم، کرمانوالہ، یکم دسمبر کو لودھراں، میر پور، سچا سودا، پنڈدادنخان، 3دسمبر کو مریدکے، 8 دسمبر کو اسلام آباد اور چکوال میں سیرت کانفرنس ہوں گی۔
میلاد پلان مہم 2019 ء کے تحت سیرت کانفرنسز سے فرح ناز، سدرہ کرامت، عائشہ شبیر، انیلا الیاس، ادیبہ شہزادی، صائمہ نور خطاب کررہی ہیں۔ فرح ناز نے کہا کہ خواتین کی سیرت کانفرنسز میں تمام مسالک اور سول سوسائٹی کی نمائندہ اور رہنما خواتین کو بھی شرکت کی دعوت دی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کسی ایک مکتب فکر، مسلک، ملک اور خطے کے پیغمبر نہیں بلکہ انہیں رحمتہ للعالمین بنا کر بھیجا گیا ہے، ان کی تعلیمات اور اخلاق حسنہ بلا رنگ و نسل، زبان، خطہ سب کے لیے ہے۔ اسلام کی نشاۃ ثانیہ کا احیاء سیرت النبی ﷺ پر عملدرآمد میں ہے۔
سدرہ کرامت نے کہا کہ آج کی خواتین کا پرامن سوسائٹی کی تشکیل اور پڑھی لکھی نسل کی تیاری اور تربیت میں مرکزی کردار ہے، کردار سازی کے ضمن میں ہمیں تمام رہنما اصول حضور نبی اکرم ﷺ کی مبارک حیات او ر سیرت سے ملتے ہیں، ہم انہی گوشوں کو خطابات کے ذریعے نمایاں کررہی ہیں۔
انیلہ الیاس نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ساری توجہ اور تعلیمات عشق مصطفیﷺ کے فروغ اور کردار سازی پر ہے۔ الحمداللہ اس وقت اندرون اور بیرون ملک مقیم مسلم یوتھ بڑی تعداد میں منہاج القرآن کے تعلیمی، تربیتی پروگرام سے وابستہ ہے۔
ام حبیبہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عالم اسلام انتہا پسندی، تنگ نظری اور تفرقہ بازی کا شکار ہے جس کا واضح مطلب ہے کہ امت سیرت النبی ﷺ کو بھلاچکی ہے، ہم اللہ کے فضل و کرم اور حضور ﷺ کے نعلین پاک کے تصدق سے خواتین کو اسلام کے ماڈریٹ ویژن سے ہم آہنگ کررہی ہیں، انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ پیغمبر آخر الزماں ہیں، قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کو عام کرنا یہ امت محمدیہ پر فرض کیا گیا ہے، بلاتفریق جنس، رنگ و نسل ہر کلمہ گو مسلمان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام کی امن، محبت، اخلاق پر مبنی تعلیمات کو عملی زندگی پر نافذ کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی شہرت شہر سیرت کانفرنسز کردار سازی کے اہداف کے ضمن میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔
تبصرہ