چیئرمین سپریم کونسل کا منہاج ویمن لیگ کی ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب
الہدایہ قرآن لرننگ نصاب کی تیاری پر ویمن لیگ کو مبارکباد دی
لاہور(03 نومبر 2019ء) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے ربیع الاول پلان 2019 کے اجرا کےلئے منعقدہ ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نہ صرف ویمن ایمپاورمنٹ کا داعی دین ہے بلکہ پیغمبر اسلام نے ہزاروں سالوں پر مشتمل معلوم اور نا معلوم تاریخ میں پہلی بار الوہی فرامین کی روشنی میں خواتین کے حقوق و فرائض کا تعین کیا۔ منہاج القرآن انسانیت کی تعمیر و تزئین اور کردار سازی کےلئے سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نسخہ کیمیا سمجھتی ہے۔ اسی لئے تحریک منہاج القرآن کا دعوتی، تعلیمی پیغام کا نیوکلیس تعلیمات عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فروغ ہے۔
انہوں نے خواتین کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کے ضمن میں پہلی بارالہدایہ قرآن لرننگ ڈپلومہ کورس کا نصاب تیار کرنے اور ربیع الاول پلان 2019 ترتیب دینے پر مرکزی صدر فرح ناز، سدرہ کرامت، کلثوم طفیل، گروپ ہیڈ بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
ویمن لیگ کی مرکزی ورکنگ کونسل کے اجلاس میں تمام زونلز ناظمہ اور ورکنگ کونسل کی ممبرز خواتین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کے راستے پر ثابت قدم رہنے والے منزل مقصود پا لیتے ہیں۔ اسلام محض کلمہ پڑھ لینے کا نام نہیں بلکہ سیاست، معیشت، معاشرت اور عائلی زندگی میں دی جانیوالی رہنمائی پر عمل پیرا رہنے کا تقاضا کرتاہے۔
انہوں نے کہاکہ قدرت کے کچھ راز ایسے ہیں جو حواس خمسہ اور عقل کی پہنچ سے ماورا ہوتے ہیں وہ راز انسان کو عشق اور وجدان سے حاصل ہوتے ہیں، عشق ایمان کی خالصیت کا ایک بلند تردرجہ ہے، دین اسلام کی تعلیمات اور فیوض و برکات کو محض حواس خمسہ اور عقل کے ترازو پر نہیں پرکھا جاسکتا، عشق، عقل اور عمل کے درمیان جب ایک توازن قائم ہو جاتاہے تو پھر آنکھوں کے سامنے حقائق اور صداقتوں کا ایک نیا جہان کھل جاتاہے۔
انہوں نے کہا کہ عقل و خردکا خزینہ بو علی سینا اور عشق کا خزینہ مولائے روم بن گئے، جہاں عقل کی انتہا ہوتی ہے وہاں سے عشق کی ابتدا ہو جاتی ہے، عشق کا تعلق خالصیت کے ساتھ سیرت نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جڑ جانے سے ہے۔ چئیرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی ورکنگ کونسل کے اجلاس میں مختلف زونز کی ناظمات سے تنطیمی ورکنگ اور ویژن 2025 کے اہداف کے بارے میں تبادلہ خیالات بھی کیا۔
تبصرہ