منہاج القرآن برطانیہ میں منہاج سسٹرز یوکے کے زیراہتمام التزکیہ کیمپ سے خطاب
تربیتی کیمپ سے ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، ممبر پارلیمنٹ ناز نسیم شاہ، سیاسی رہنما سمیعہ علی کا خطاب
ڈاکٹر طاہرالقادری نے تعلیمی تربیتی کیمپ کے کامیاب انعقاد پر منہاج سسٹرز یوکے کو مبارکباد دی
لاہور (20 اکتوبر 2019ء) تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج سسٹرز یوکے کی تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ تین روزہ ’’التزکیہ کیمپ 2019 ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام مرد اور خواتین دونوں کی یکساں تعلیم و تربیت پر زور دیتا ہے، انہوں نے برطانیہ میں ہر سال خواتین کیلئے روحانی اور تربیتی کیمپ کے انعقاد پر منہاج سسٹرز یو کے کی جملہ ذمہ داران کو مبارکباد دی اور اسے اسلام اور انسانیت کی قابل تقلید خدمت قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات قابل فخر ہے کہ اسلام اور قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات سے آگاہی کیلئے پورے برطانیہ سے خواتین کیمپ کا حصہ بنتی ہیں اور یہ جاننے کی سعی کرتی ہیں کہ اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بنی نوع انسانیت کیلئے کیا احکامات ہیں؟ اور ایک باعمل مسلمان کے کیا حقوق و فرائض اور واجبات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ برطانیہ، یورپ میں مسلم یوتھ اسلام کی پر امن اور انسانیت کے احترام پر مبنی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں اور مغربی سماج میں انکا سماجی، دینی ، فلاحی کردارامن و محبت کا باعث ہے اور انکے عمل سے بین المذاہب رواداری فروغ پا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل علم، امن اور اسلامی بھائی چارے کے فروغ کی عالمگیر تحریک ہے جو ہر عمر اور ہر علمی استعداد کے افراد کی تعلیم و تربیت کے پروگرام وضع کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے جہاں مردوں کی تعلیم کیلئے تعلیمی ادارے قائم کئے وہاں خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے بھی بے مثال تعلیمی ادارے قائم کیے جہاں ہزاروں کی تعداد میں قوم اور امت مسلمہ کی بیٹیاں زیور علم سے آراستہ ہو رہی ہیں۔
برطانیہ میں منعقدہ تین روزہ ’’التزکیہ کیمپ 2019‘‘ سے ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، ممبر پارلیمنٹ ناز نسیم شاہ، معروف سیاسی سماجی رہنما سمیعہ علی نے ویمن امپاورمنٹ، اسلام کی عظیم خواتین و دیگر تعلیمی تربیتی موضوعات پر لیکچرز دئیے۔
التزکیہ کیمپ 2019 کی ترجمان انسہ نے کہا کہ ہر سال برطانیہ میں التزکیہ کیمپ منعقد کیا جاتا ہے اور اس کیمپ کے ذریعے دینی، روحانی تعلیم و تربیت کی فراہمی کے علاوہ یوکے میں مقیم مسلم فیملیز کو باہم مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے تاکہ تما م افراد اور فیملیز دین اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسبت سے ایک دوسرے کے قریب اور دکھ سکھ میں شریک رہیں، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن دلوں کو جوڑنے اور فاصلوں کو مٹانے کی تحریک ہے۔
تبصرہ