ماں کی عظمت کا کوئی مول نہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ

ماں کے حقوق کی ادائیگی کو اسلام نے خصوصی اہمیت دی ہے: فرح ناز
نوجوان نسل کو والدین سے محبت اور ادب سکھایا جائے : مرکزی صدر ویمن لیگ
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام ماڈل ٹاؤن میں تقریب سے خطاب

لاہور (12 مئی 2019ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ اسلام نے خونی رشتوں کے احترام بارے جو تعلیمات دی ہیں ان کی اہمیت سے دنیا کا کوئی معاشرہ انکار نہیں کر سکتا، ماں کی عظمت کا کوئی مول نہیں۔ والدین کے ساتھ حسن سلوک اور ان کے حقوق کی ادائیگی کے لئے قرآن حکیم اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں واضح احکامات ہیں۔ ماں کے حقوق کی ادائیگی کو اسلام نے خصوصی اہمیت دی ہے اور بندے کے لئے اللہ کی محبت کو سمجھانے کے لئے بھی اس نے ماں کی محبت کی مثال دی ہے کہ وہ ماں سے ستر گنا زیادہ پیار کرتا ہے۔ جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے کا مطلب ہے کہ ہ میں مرتے دم تک ماں کی خدمت میں ہمہ وقت مستعد رہنا چاہیے اس سے ہماری زندگیوں میں پایا جانے والا بگاڑ اور بے سکونی کا خاتمہ ہو گا۔

محترمہ فرح ناز ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، آمنہ بتول، زینب ارشد، کلثوم طفیل و دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ نے والدہ سے محبت اور خدمت کا وہ معیار دے دیا ہے جو انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے اور اس پر عمل پیرا ہو کر امت مسلمہ خونی رشتوں سے کمزور پڑ جانے والے تعلق کو مضبوط کر سکتی ہے۔ ۔ بچے کی تربیت میں والدہ کے خصوصی کردار کو اسلام بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ فرح ناز نے کہا کہ آج کے مادیت زدہ معاشرے نے خاندانی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ والدین کی عزت رسم تک محدود ہوتی جا رہی ہے۔ فلاحی ادارے بوڑھے والدین کی پناہ گاہ بن رہے ہیں اور اولاددنیا کمانے میں مست ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو والدین سے محبت اور ادب سکھایا جائے اور انہیں بھولا ہوا سبق یاد کرایا جائے۔

تبصرہ