منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سالانہ سیدہ فاطمۃ الزہرہ کانفرنس کا الحمراء ہال نمبر 2 میں انعقاد کیا گیا ’’عورت کی عظمت، سیرت سیدہ ;کائنات کی پیروی میں ہے‘‘ کے موضوع پر الحمراء میں ہونے والی کانفرنس میں خواتین مقررین نے سیدہ کائنات کی شخصیت کو پوری انسانیت کے لیے کردار کی عظمت کا مینارہ نور قرار دیا۔ کانفرنس کی صدارت فضہ حسین قادری نے کی۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر بہبود خواتین آشفہ ریاض نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو آج سیدہ کائنات کے اسوہ سے اپنے عمل کی راہ متعین کرنا ہو گی۔ ماؤوں کو اپنی اولاد کی تربیت اس انداز میں کرنا ہو گی کہ ہماری آئندہ نسل حضرت فاطمۃ الزہرہ کے نقش قدم پر چلے۔
سیدہ کائنات کی تعلیمات کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے کے لیے ماءوں کو اولاد کی تربیت کے لیے رہنما اصول سیدہ کائنات کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنا ہونگے، سیدہ کائنات نے امام حسن، امام حسین اور سیدہ زینب کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے پوری انسانیت کو بچالیا، انہوں نے کہا کہ آج سیدہ فاطمۃ الزہرہ کے اسوہ پر چلنے والی ماءوں، بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے، عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضہ حسین قادری نے کہا کہ امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ کائنات کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہو گا، اسی سے زوال عروج میں بدل سکتا ہے۔ ایسی شاندار کانفرنسز کا انعقاد اگلی نسلوں تک اہل بیت اطہار کے عظیم کردار کو پہنچانے کے لیے ضروری ہے، منہاج القرآن ویمن لیگ کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، انہوں نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر موقع پر سیدہ کائنات کو اپنے ساتھ رکھتے، تربیت کا یہ عظیم اصول آج میں اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہو گا، اگلی نسلوں کو مقام سیدہ کائنات کے آداب سکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے، سیدہ کائنات وہ عظیم ہستی ہیں جن سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خصوصی محبت تھی، سیدہ کائنات کی ذات کو مائیں، بہنیں اور بیٹیاں رول ماڈل بنا لیں اسی میں کامیابی ہے، سیدہ فاطمۃ الزہرہ سیدہ کائنات اور سیدہ محشر ہیں، آپ حسن سیرت اور حسن بصیرت کا عظیم مرقع تھیں، زہد و تقویٰ میں بلند مقام رکھنے والی عابدہ، مجاہدہ اور سخی خاتون ہستی تھیں، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سیدہ کائنات کو اپنے جگر کا ٹکرا قرار دیا۔
پرنسپل قرآن اکیڈمی ہما تقوی نے کہا کہ سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرہ کی شخصیت کو آئیڈیل بنائے بغیر مستقبل کو روشن بنانا ممکن نہ ہو سکے گا، سیدہ کائنات حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی لاڈلی بیٹی تھیں اور ان کی تربیت خود محسن انسانیت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمائی تھی، تعلیمات سیدہ کائنات پر عمل کرنے میں ہی آج کی عورت کے لیے راہ نجات ہے۔ مذہبی سکالر صباحت رمضان سیالوی نے کہا کہ آج جس ہستی کی یاد میں یہ محفل انعقاد پذیر ہے اس عظیم ہستی کا تعلق حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہے اور ایسی ہستیوں کے تذکرے والی محفل سے ہر آنے والا اپنے دامن مراد کو بھر کر لے جاتا ہے، سیدہ کائنات کا حسب نسب اور اخلاق سب سے اعلیٰ ہے۔
صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز نے کہا کہ سیدہ کائنات کانفرنس کا بنیادی مقصد سیدہ فاطمۃ الزہرہ کی سیرت و کردار کو بحیثیت ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے اجاگر کرنا ہے تاکہ ان کے نقش قدم کو آج کی مسلم خواتین اپنے لیے مشعل راہ بناسکیں، انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات کے اسوہ پر عمل کر کے ہی آج اسلام کے خلاف کی جانیوالی سازشوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہرہ کے اسوہ کی خیرات کے بغیر ہ میں کبھی کوئی کامیابی نہیں مل سکتی۔
کانفرنس سے سدرہ کرامت، عائشہ شبیر، فریدہ سجاد، شاہدہ مغل، عطیہ بنین، نبیلہ ظہیر، آمنہ بتول و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کی ترقی کے لیے دعاءوں سے ہوا۔
تبصرہ