چیئرمین سپریم کونسل کا ویمن لیگ کے رمضان پلان کے تعارفی اجلاس سے خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے استقبال رمضان پلان کے حوالے سے تربیتی، اصلاحی پروگرامز کے تعارف کیلئے خصوصی اجلاس منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی زیر صدارت منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز، کلثوم طفیل، انیلہ الیاس، زینب ارشد، ام حبیبہ اسماعیل، سدرہ کرامت، ثناء وحید نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی تنظیمات عرفان الہدایہ، ایگرز، ایم ایس ایم سسٹرز، وائس اور نظامت دعوت نے اپنے اپنے رمضان پلان کے بارے میں شرکائے اجلاس کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی سینئر رہنما سابق رکن صوبائی اسمبلی آمنہ الفت نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ رمضان المبارک باطنی اصلاح اور اللہ کو راضی کرنے کا مہینہ ہے، اس مبارک مہینے کا احترام یہ ہے کہ ہر قسم کے چھوٹے بڑے گناہوں سے بچا جائے اور اللہ سے استقامت مانگی جائے اور زیادہ سے زیادہ وقت عبادت اور خدمت خلق میں گزارا جائے۔ انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے ملک گیر رمضان پلان میں ہر عمر کی بچیوں کو تربیتی، تدریسی دائرہ کار میں شامل کرنے اور شہر اعتکاف کا حصہ بنانے کے حوالے سے تشکیل دئیے گئے پروگرام کو سراہا اور انہیں مبارکباد دی۔

اجلاس میں مرکزی صدر فرح ناز، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، نوراللہ صدیقی، محمد فاروق رانا، علامہ مرتضیٰ علوی، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل، جواد حامد، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، آمنہ بتول و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ ویمن لیگ کی رہنماؤں نے رمضان پلان کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے کےلئے منہاج القرآن ویمن لیگ ایگرز کے تحت مختلف سکولز اور فیملیز سے رابطے کئے جائیں گے اور کوالیفائیڈ سکالرز انہیں مختلف دینی ایشوز اور معاملات پر آگاہی دیں گی۔ ایم ایس ایم سسٹرز کے تحت طالبات اور مختلف ادارہ جات کےلئے تربیتی پروگرامز وضع کئے گئے ہیں۔ ’’وائس‘‘ مستحقین کےلئے اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے حوالے سے مخیر حضرات سے مل کر اپنا کردار ادا کرے گی، اسی طرح عرفان الہدایہ پروگرام کے تحت ملک گیر دورہ قرآن کےلئے تدریسی نشستوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

تبصرہ