فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور خواتین سکالرز

انچارج ویمن سیکشن مسز فریدہ سجاد

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیرِ سرپرستی تجدید و احیائے دین کی عظیم تحریک ’’تحریک منہاج القرآن‘‘ ہر سطح پر امت کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ فریدِ ملت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کا شعبہ خواتین بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ عامۃ الناس میں دینی شعور کے فروغ کے لیے آپ نے علمی و تحقیقی میدان میں خواتین کو اپنی خدمات سرانجام دینے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے 15 اکتوبر 2004ء کو باضابطہ طور پر ویمن ریسرچ اسکالرز کے شعبہ کا اِفتتاح کیا۔ جس کی پہلی انچارج راقمہ کو مقرر کیا گیا اور ایک ٹیم تشکیل دی گئی جن میں محترمہ آسیہ منظور، محترمہ مصباح کبیر، محترمہ کوثر رشید، محترمہ نازیہ عبدالستار، محترمہ عائشہ ارشاد اور محترمہ رخسانہ خان شامل تھیں۔ 2004ء سے لے کر 2018ء کے دورانیے میں بہت سی فاضلات اور اسکالرز وقتاً فوقتاً اپنی خدمات سرانجام دیتی رہیں۔ اس وقت راقمہ کے ساتھ محترمہ مصباح عثمان، محترمہ طیبہ کوثر، محترمہ میمونہ عمیر اور محترمہ سحر غنی شعبہ خواتین FMRI میں تفویض کیے گئے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں۔ تحقیقی شغف رکھنے والی یہ فاضلات اور اسکالرز عصرِ حاضر میں عقیدہ و عمل میں اِصلاح و پختگی کے لیے بیش بہا سمعی و بصری ذرائع علم کے ساتھ جدید سے جدید تر وسائل اختیار کرتے ہوئے شیخ الاسلام کے علمی اور فکری کام کو سلسلہ تعلیماتِ اِسلام سیریز کی صورت میں آسان، سلیس، سادہ اور جامع انداز میں مرتب کر رہی ہیں۔

ویمن اسکالرز کا اُسلوبِ تحقیق

تعلیماتِ اسلام سیریز کے ہر پراجیکٹ کو شروع کرنے سے پہلے شیخ الاسلام سے اس کی باضابطہ منظوری لی جاتی ہے۔ اس کے بعد آپ کے خطابات، کتب، ملفوظات اور افادات کو سوالاً جواباً تحریر کے قالب میں ڈھالا جاتا ہے، مسودات کی کمپوزنگ کی جاتی ہے، آیات و احادیث اور دیگر اقتباسات کی تخریج کر کے اصل متون سے موازنہ کیا جاتا ہے۔ ویمن اسکالرز کی طرف سے کام مکمل ہونے کے بعد مختلف مراحل میں چیک ہوتا ہے۔ فقہ سے متعلقہ کام دارالافتاء میں ریویو ہوتا ہے۔ پھر پراجیکٹ کو شیخ الاسلام کے behalf پر FMRi کی ریسرچ ریویو کمیٹی نہایت باریک بینی سے چیک کرتی ہے۔ بعد ازاں ضروری ترامیم، اصلاحات اور حضور شیخ الاسلام کی منظوری کے بعد کتاب پریس میں بھیج دی جاتی ہے۔

افادات کے ذرائع

  1. تعلیماتِ اسلام سیریز کے کسی بھی موضوع پر رہنمائی کا سب سے اہم ذریعہ شیخ الاسلام کی مطبوعہ کتب، آپ کے خطابات اور لیکچرز ہی ہیں۔
  2. جن سوالات پر شیخ الاسلام کی کتب اور خطابات سے رہنمائی میسر نہیں آتی، ان کے جوابات براہِ راست آپ کی رہنمائی میں مرتب کیے جاتے ہیں۔
  3. بعض اوقات کسی فنی موضوع پر رہنمائی کی درخواست کی جاتی ہے۔ جسے بعد ازاں آپ شفقت فرما کر مختلف اوقات میں اپنے خطاب اور گفتگو کا موضوع بنا کر راہنمائی فراہم کرتے رہتے ہیں۔ اگر مصروفیات کی وجہ سے وقت نہ ملے تو آپ متعلقہ کتب کی طرف رہنمائی فرما دیتے ہیں۔ جن سے خواتین اسکالرز مطلوبہ موضوع پر مواد اکٹھا کر کے مکمل تحقیق کے بعد سینئر اسکالرز کو چیک کرواتی ہیں۔ پھر مسودہ آپ کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے۔ کام کے معیار کو دیکھتے ہوئے شیخ الاسلام غیر ضروری مواد کو حذف کر کے رہنمائی فرماتے ہوئے ضروری اضافہ جات کرواتے ہیں اور معیاری کام ہونے پر حوصلہ افزائی فرماتے ہیں۔
  4. شیخ الاسلام رہنمائی فرماتے ہوئے ازخود کچھ اضافہ جات بھی کرواتے ہیں مثلا ’نکاح و طلاق‘ میں خلع کے باب میں آپ نے ڈاکٹر غزالہ حسن قادری صاحبہ کے مقالہ ’’پاکستان میں قانونِ خلع میں اصلاحات‘‘ کی جانب refer کیا، کیونکہ اس موضوع پر آپ انہیں براہ راست رہنمائی فراہم کر چکے تھے، جنہیں بطورِ افادات کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بحمدہ تعالیٰ! فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں خواتین اسکالرز بہت محنت، لگن اور عرق ریزی سے شیخ الاسلام کے علمی و تحقیقی اور فکری ورثہ کو سوالاً جواباً کتب کی صورت میں نئی نسلوں تک منتقل کرنے کا اہم فریضہ سرانجام دے رہی ہیں۔ اِسلامی تعلیمات کی جدید ضروریات کے مطابق اب تک اس شعبہ کے تحت درج ذیل کتب منظرِ عام پر آ چکی ہیں:

(1) تعلیماتِ اسلام

دورِ حاضر کے بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ ہر طبقہ فکر کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے اِفادات پر مشتمل ’سلسلہ تعلیماتِ اِسلام‘ میں ایمانیات، بنیادی عقائد، عبادات، فرائض و واجبات، حقوق و معاملات، اخلاق و تصوف، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسلامی افکار سے متعلقہ موضوعات اور روز مرہ زندگی میں پیش آمدہ جدید مسائل کو عام فہم، منفرد اور تحقیقی انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ کتاب اپنی افادیت کے اعتبار سے ہر قاری کے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔

(2) اسلام

اس کتاب کا بنیادی مقصد عامۃ الناس کو مبادیاتِ اسلام کی معرفت عطا کرنا ہے۔ یہ کتاب اس اعتبار سے منفرد ہے کہ دین سے شغف رکھنے والوں کے لیے روزمرہ کے مسائل حیات اور عقائد و اعمال کو نہایت آسان پیرائے میں بیان کیا گیا ہے۔ اس کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ تغیر پذیر احوالِ حیات کے پیدا کردہ مسائل کا حل سہل انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 206 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:

  • اِسلام مذہب ہے یا دین؟
  • اَحکامِ شریعت کیا ہیں؟
  • کیا کسی کو زبردستی اِسلام میں داخل کرنا جائز ہے؟
  • کیا فقہ کا ثبوت قرآن حکیم سے ملتا ہے؟
  • جہاد اور دہشت گردی میں فرق کیا ہے؟
  • خوارِج کون ہیں؟
  • اِسلام اِنسانی زندگی میں کیسا اِنقلاب بپا کرنا چاہتا ہے؟
  • فرقہ پرستی سے کیا مراد ہے اور اُس کا خاتمہ کیونکر ممکن ہے؟

اِن جیسے بہت سے اَہم سوالات کے جوابات جاننے کے لیے یہ کتاب مفید ہے۔

(3) ایمان

اس کتاب میں ایمان کی حقیقت، ایمان مجمل و ایمان مفصل کی تفصیلات، صفات الٰہیہ کا بیان، ایمان بالرسل، ایمان بالکتب، ختم نبوت، ایمان بالآخرت، ایمان بالملائکہ، ایمان بالقدر اور ایمان سے متعلق متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے تاکہ عامۃ الناس ابتدائی دینی عقائد سے شناسائی حاصل کر سکیں۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 108 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:

  • ایمان کسے کہتے ہیں؟
  • مسلمان ہونے کے لیے بنیادی شرط کیا ہے؟
  • ایمان میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق کی کیا اہمیت ہے؟
  • مسلمان ہو کر بھی ہمارا ایمان کمزور کیوں ہے؟
  • موجودہ دورِ زوال میں ایمان کی حفاظت کس طرح ممکن ہے؟
  • اُمت کے اِیمان کی پختگی کے لیے تحریک منہاج القرآن کیا کردار ادا کر رہی ہے؟

اِن جیسے بہت سے اَہم سوالات کے جوابات جاننے کے لیے اس کتاب کا مطالعہ انتہائی اہم ہے۔

(4) احسان

اس کتاب میں قرآن و حدیث کی روشنی میں احسان کی فضیلت، ایمان، اسلام اور احسان کے باہمی تعلق، سیرت صحابہ میں طریق احسان، حسن نیت اور حسن عمل کے لیے احسان کی اہمیت، روحانی تربیت کے حصول کا طریقہ کار، صوفیائے کرام کے کردار کے نمایاں خصائص، حقیقت نفس، اصلاح نفس اور سلاسل طریقت کی تفصیل پر مشتمل احسان (تصوف) سے متعلق اہم اُمور کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 133 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:

  • اِحسان کا لغوی معنی و مفہوم کیا ہے؟
  • اسلام، ایمان اور اِحسان کا باہمی تعلق کیا ہے؟
  • مرتبۂ اِحسان تک رسائی کا ذریعہ کیا ہے؟
  • صحبتِ صلحاء کیوں ضروری ہے؟
  • دورِ زوال میں تصوف و روحانیت کا اِحیاء کیونکر ممکن ہے؟

اِن جیسے بہت سے اَہم سوالات کے جوابات جاننے کے لیے ’سلسلہ تعلیماتِ اِسلام‘ کی اس کتاب ’اِحسان‘ کا مطالعہ کیجیے۔

(5) طہارت اور نماز

اس کتاب میں طہارت اور نماز کے روایتی مسائل کو زیرِ بحث لانے کے ساتھ ساتھ عصرِ حاضر کے جدید مسائل کا جواب بھی بڑے احسن انداز میں دیا گیا ہے۔ اس میں نماز جیسے اہم فریضے کی ادائیگی کو مؤثر بنانے کے لیے اس کی جزئیات کو عام فہم پیرائے میں بیان کیا گیا ہے۔ یہ کتاب ہر طبقہ فکر کے لیے یکساں مفید ہے۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 234 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:

  • طہارت سے کیا مراد ہے؟
  • غسل کے فرض ہونے کی کیا صورت ہے؟
  • اگر وضو کرنے کے دوران کسی عضو کے دھونے میں شک واقع ہو تو کیا وضو دوبارہ کرنا چاہیے؟
  • کیا عورت امامت کروا سکتی ہے؟
  • عموماً مرد پینٹ کے پائنچے دہرے (fold) کر کے نماز ادا کرتے ہیں کیا ایسا کرنے سے نماز ادا ہو جائے گی یا اس کا اعادہ کرنا ہو گا؟
  • کیا دورانِ نماز موبائل فون بند کرنے سے نماز ادا ہو جائے گی؟

اِن جیسے بہت سے اَہم سوالات کے جوابات کا احاطہ ’سلسلہ تعلیماتِ اِسلام‘ کی پانچویں کتاب ’طہارت اور نماز‘ میں کیا گیا ہے۔

(6) روزہ اور اعتکاف

اس کتاب میں رمضان المبارک، روزہ، اعتکاف، شبِ قدر اور عید الفطر کے علمی و فقہی مسائل کو بیان کرنے کے علاوہ موجودہ دور کے جدید مسائل کو بھی منفرد انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ یہ کتاب نہ صرف ہر طبقے کے لیے یکساں مفید ہے بلکہ تعلیمی اداروں کی لائبریریوں اور درسی نشستوں میں پڑھائے جانے کے لیے بھی انتہائی نفع بخش ہے۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 163 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:

  • روزہ اور اِعتکاف کے فضائل و مسائل کیا ہیں؟
  • روزہ کن اُمور سے ٹوٹتا ہے اور کن سے نہیں ٹوٹتا؟
  • حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رمضان المبارک کا کیسے استقبال فرماتے؟
  • سحری کھانے میں تاخیر اور افطار کرنے میں جلدی کا حکم کیوں دیا گیا؟
  • کھجور سے روزہ افطار کرنے میں کیا حکمت ہے؟
  • روزہ کا کفارہ کیا ہے اور اس کے ادا کرنے کا طریقہ کیا ہے؟
  • اِعتکاف بیٹھنے کی شرائط کیا ہیں اور کیا خواتین کا اِعتکاف بیٹھنا درست ہے؟

اِن جیسے بہت سے اَہم سوالات کے جوابات اس کتاب کا حصہ ہیں۔

(7) حج اور عمرہ

اس کتاب میں حج اور عمرہ کے مسائل اور احکامات کو انتہائی سہل انداز میں بہتر ابلاغ کے لیے نو عنوانات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس کتاب کی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں حج اور عمرہ سے متعلقہ کوئی بھی پہلو تشنہ نہیں چھوڑا گیا۔ کتاب میں شامل کی جانے والی رنگین تصاویر اس کی افادیت و جامعیت میں مزید اضافہ کرتی ہیں۔ یہ کتاب حجاج و معتمرین کے لیے ایک لازمی زادِ سفر کا درجہ رکھتی ہے۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 225 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:

  • حج کا پس منظر کیا ہے؟
  • قرآن و حدیث کی روشنی میں حج اور عمرہ کا صحیح طریقہ کیا ہے؟
  • حج اور عمرہ میں خواتین سے متعلقہ مسائل کیا ہیں؟
  • حج میں قربانی کے کیا مسائل ہیں؟
  • اِحرام باندھنے کا طریقہ کیا ہے اور مرد اور عورت کے اِحرام میں کیا فرق ہے؟
  • اگر کسی کے ذمہ قرض ہو تو کیا وہ شخص حج کر سکتا ہے؟
  • کیا عورت خاوند کی اجازت کے بغیر حج ادا کر سکتی ہے؟
  • حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں حاضری کے آداب کیا ہیں؟

ان اہم اور دیگر سیکڑوں سوالات کے جوابات اس کتاب کا حصہ ہیں۔

(8) زکوٰۃ اور صدقات

اس کتاب میں زکوٰۃ اور صدقات کے مسائل اور احکامات کو تفصیلاً بیان کیا گیا ہے تاکہ صاحبانِ ثروت و متمول افراد زیادہ سے زیادہ افرادِ معاشرہ کی مالی معاونت کر کے ان کی محرومیوں کا ازالہ کریں۔ یہ ہر صاحبِ حیثیت کے لیے گائیڈ بک کا درجہ رکھتی ہے۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 195 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:

  • مصارفِ زکوٰۃ کتنے اور کون سے ہیں؟
  • زکوٰۃ کی تقسیم کار کیسی ہونی چاہیے؟
  • اگر کسی کے پاس بقدرِ نصاب کرنسی ہو توکیا حکم ہے؟
  • مالِ تجارت کی زکوٰۃ نکالنے کا طریقہ کیا ہے؟
  • کیا ٹیکس دینے سے زکوٰۃ ادا ہو جاتی ہے؟
  • زیورات پر زکوۃ ادا کرنا زوجین میں سے کس پر لازم ہے؟
  • مشترکہ کاروبار میں زکوٰۃ کیسے ادا کی جائے گی؟
  • شہرت کی نیت سے دیئے گئے صدقہ کے بارے میں کیا حکم ہے؟
  • پاکستان میں رائج نظامِ زکوٰۃ کیوں کام یاب نہیں ہے؟
  • نظامِ زکوٰۃ کے عملی نفاذ کے لیے تحریک منہاج القرآن کیا کردار ادا کرر ہی ہے؟

ان اہم اور دیگر سیکڑوں سوالات کے جوابات اس کتاب کا حصہ ہیں۔

(9) نکاح اور طلاق

یہ کتاب نکاح، طلاق، مہر، خلع، ظہار، ایلہ، عدت، نفقہ، حضانت اور وراثت کے جملہ احکامات اور مسائل کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ اس میں افرادِ خانہ کی معاشرتی و معاشی تربیت کے ساتھ ساتھ حقوق و فرائض کی ادائیگی پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 412 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:

  • شادی کا اِسلامی طریقہ کیا ہے؟
  • کیا نکاح کے معاملے میں عورت کی اجازت ضروری ہے؟
  • کیا اِسلام میں پسند کی شادی (love marriage) کرنا جائز ہے؟
  • کیا کورٹ میرج (court marriage) کرنا جائز ہے؟
  • جہیزکی شرعی حیثیت کیا ہے؟
  • مہر میں کون کون سی اشیاء دینا جائز ہے؟
  • اسلام میں سب سے پہلے حقِ خلع کس نے استعمال کیا؟
  • طلاق دینے کا شرعی طریقہ کیا ہے؟
  • طلاق کی عدت کا وقت کب سے شمار ہوا؟
  • عورت کے نفقہ کا تعلق نکاح سے ہے یا رخصتی سے؟
  • بیوی کا شوہر کی وراثت میں کتنا حصہ ہے؟

اس کے علاوہ دیگر اہم سوالات کے جوابات اس کتاب کا حصہ ہیں۔

(10) بچوں کی پرورش اور والدین کا کردار (رحمِ مادر سے ایک سال کی عمر تک)

اسلام کے حقیقی اصولوں کی روشنی میں نسلِ نو کی تربیت آج کے والدین کے لیے ایک چیلنج سے کم نہیں۔ ’بچوں کی پرورش اور والدین کا کردار‘ کے عنوان سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے افادات پر مشتمل سلسلہ تعلیماتِ اسلام کا دسواں سنگِ میل’رحمِ مادر سے ایک سال کی عمر تک‘ کے بچوں کی نگہداشت اور تربیت کے حوالے سے منصہ شہود پر آچکا ہے۔ اس کتاب میں خاندان کی تعمیر میں زوجین کا کردار، والدین کے فرائض، پیدائش سے قبل اور مابعد بچے کے حقوق، بچے کی پیدائش سے لے کر ایک سال تک مختلف مدارج اور عادات پراسلام کے آفاقی رنگ میں رنگنے کے خاطر خواہ انتظامات مرتب کیے گئے ہیں۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 150 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں:

  • خاندان کی تعمیر میں زوجین کی ہم آہنگی کیا کردار ادا کرتی ہے؟
  • دورانِ حمل ماں کا مزاج اور اس کی مثبت و منفی کیفیات بچے کی شخصیات پر کیا اثرات مرتب کرتی ہیں؟
  • دوران حمل شوہر کا بیوی کے ساتھ سلوک کیسا ہونا چاہیے؟
  • اسلامی نقطہ نگاہ سے مدر فیڈ کے بچے پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟
  • بچے کے اعضاء بننے کے بعد اسقاطِ حمل کی سزا کیا ہے؟
  • معذور بچوں کے ساتھ والدین کا رویہ کیسا ہونا چاہیے؟
  • ایک سال کے بچے کی نگہداشت کے لیے والدین کو کون سے احتیاطی تدابیر کرنی چاہییں؟

اس کے علاوہ دیگر اہم سوالات کے جوابات اس کتاب کا حصہ ہیں۔

(11) بچوں کی تعلیم و تربیت اور والدین کا کردار (2 سے 10 سال کی عمر تک):

یہ کتاب والدین اور اساتذہ کے لیے ایک گائیڈ بک کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس میں طفلانِ ملت کی اعلیٰ تربیت، عمدہ تعلیم، مناسب پرورش، مہذب نگہداشت، خصوصی دیکھ بھال اور دین کی ابتدائی آگاہی کے طریقہ کار کو بیان کیا گیا ہے اور بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کے نفسیاتی مسائل کا حل شیخ الاسلام کے گلشنِ افکار کی روشنی میں دیا گیا ہے۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 180 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں:

  • بچوں کی جسمانی نشوونما کے لیے کیسی خوراک دینا ضروری ہے؟
  • کیا بچے کی تربیت پر والدین کے اخلاق و عادات اثر انداز ہوتے ہیں؟
  • بچوں کے لیے ڈے کئیر کا انتخاب کرتے ہوئے کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟
  • بچوں کی بنیادی ضروریات کیا ہیں؟
  • بچوں کو کون سی سورتیں اور ماثورہ دعائیں سکھائی جائیں؟
  • کیا حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بچوں کے ساتھ کھیلتے تھے؟
  • والدین کی مار پیٹ کے بعد بچہ کیا سوچتا ہے؟
  • کیا والدین کو اپنے بچوں سے محبت کا اظہار کرنا چاہیے؟

اس کے علاوہ دیگر اہم سوالات کے جوابات اس کتاب کا حصہ ہیں۔

(12) بچوں کی تعمیرِ شخصیت (11 سے 16 سال کی عمر تک)

اس کتاب میں قرآن و حدیث کی روشنی میں بچوں کی تعلیم، کیرئیر کے انتخاب، اخلاقی و روحانی اور سنِ بلوغت کی نفسیاتی، جذباتی اور معاشرتی تربیت کے تمام پہلوؤں پر نہ صرف سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے بلکہ شباب کی وادی میں قدم رکھنے والے نوجوانوں کو معاشرے کے بُرے اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات پر بھی تفصیلاً روشنی ڈالی گئی ہے۔ نیز اس کتاب میں شیخ الاسلام کی ہدایات کی روشنی میں مذکورہ عمر کے بچوں کی تربیت کے حوالے سے مختلف پہلوئوں کو زیرِ بحث لا کر ان کی دینی و اخلاقی اور سماجی و نفسیاتی حوالے سے تربیت کے اصول وضع کیے گئے ہیں۔ یہ دراصل ایک گائیڈ بک ہے جو نسلِ نو کو ایک اچھا مسلمان اور ذمہ دار شہری بناتی ہے۔ اس کتاب میں عنوان سے متعلقہ 176 سوالات کے جوابات ترتیب دیے گئے ہیں:

  • کیرئیر کونسلنگ کسے کہتے ہیں؟
  • غلط کیرئیر کے انتخاب کے نقصانات کیا ہیں؟
  • بچوں کو چھوٹی چھوٹی ناکامیوں کا مقابلہ کرنا کیسے سکھایا جائے؟
  • کن نامور شخصیات نے ناکامیوں کے بعد جہدِ مسلسل سے کامیابی حاصل کی؟
  • کیا حکایات و قصص کے ذریعے بچوں کی اخلاقی تربیت کی جا سکتی ہے؟
  • وہ کون سے عوامل ہیں جو بچوں میں طفلانہ محبت کو جنم دیتے ہیں؟
  • بچہ اگر کسے بُرائی کا مرتکب ہو جائے تو والدین کو کیا کرنا چاہیے؟
  • وہ کون سے عوامل ہیں جن کی بنا پر بچے مجرم بنتے ہیں؟

اس کے علاوہ دیگر اہم سوالات کے جوابات اس کتاب کا حصہ ہیں۔

مغربی دنیا میں مقیم مسلمانوں کی کثیر تعداد کے لیے Teachings of Islam Series کے عنوان سے ان کتب کے انگلش تراجم شائع کرنے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ اب تک اس سیریز کی درج ذیل سات کتب طبع ہوکر منظر عام پر آ چکی ہیں:

  1. Teachings of Islam Series: Peace and Submission

  2. Teachings of Islam Series: Faith

  3. Teachings of Islam Series: Spiritual & Moral Excellence

  4. Teachings of Islam Series: Purification & Prayer

  5. Teachings of Islam Series: Fasting and Spiritual Retreat

  6. Teachings of Islam Series: Hajj and Umra

  7. Teachings of Islam Series: Zakah and Charity

یہ کتب انگریزی دان نسلِ نو کے لیے نصاب کی حیثیت رکھتی ہیں۔ جن کی بدولت وہ اپنے ایمان کی حفاظت اور مبادیاتِ اِسلام سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں فاضل خواتین اسکالرز کتب کا ریویو، تحقیقی مسودات کے انگلش سے اردو اور اردو سے انگلش میں تراجم کرنے کی خدمات بھی بڑی خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہی ہیں، جسے بعد ازاں سینئر اسکالرز کی جانب سے فائنل چیک کیا جاتا ہے۔ مثلاً:

حسن اعمال

یہ کتاب جو پہلے چھوٹے حجم میں شائع کی گئی تھی اسے بعد ازاں شیخ الاسلام کی خواہش پر شعبہ خواتین کی طرف سے حسبِ ضرورت اضافی جات کے بعد ایک ضخیم کتاب کی صورت میں منظرِ عام پر لایا گیا ہے۔ یہ بارہ ابواب پر مشتمل ہے۔ توبہ استغفار، ذکر الٰہی، نماز، قیام اللیل، تلاوت قرآن، درود و سلام، صدقہ و خیرات، فاقہ و کم خوری، خاموشی، خلوت اور دعوت و تبلیغ سمیت ہر عمل کا حسن اپنے اندر ایک جہاں بسائے ہوئے ہے۔ حسن اعمال کتاب کا ہر پہلو ظاہری و باطنی گوشوں کو محیط ہے جس کو شریعت مطہرہ کے نگینوں سے سجایا گیا ہے۔ جس میں ہر زاویہ سے حسن و جمال ایزدی کی رعنائی جھلکتی ہے۔ ابتداء سے انتہاء تک قلب و باطن کی دنیا میں جمالیاتی حسن کا پرتو حسن اعمال کے قالب میں ڈھلتا ہوا نظر آتا ہے۔

پاکستان کا نظام تعلیم، تشدد کے رحجانات اور مدارس دینیہ (ایک تحقیقی جائزہ):

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی اس کتاب میں فرقہ وارانہ تشدد کے رحجانات کو بیان کیا گیا ہے اور عالمی حالات کی روشنی میں پاکستان میں اس کی نمو کے ذمہ دار عوامل کی شناخت کی گئی ہے۔ مزید براں اس مذموم نظریے کے رحجان کو کم کرنے کے لیے اس میں عملی تجاویز کی نہایت جامع انداز میں توضیح کی گئی ہے۔ اس کتاب پر معاونت کا کام بھی خواتین اسکالرز نے انجام دیا ہے۔

مقالات عصریہ (جدید تحقیقی مباحث):

یہ کتاب ڈاکٹر حسین محی الدین قادری صاحب کے مختلف اردو اور انگلش مقالات کا مجموعہ ہے۔ اس تحقیقی دستاویز میں مذہب، بنی نوع انسان کی شناخت، مسلم سائنسدانوں کے کارہائے نمایاں، تعدد ازواج، نظامِ حکومت و خلافت سے متعلقہ اسلامی تعلیمات اور دیگر کئی اہم تحقیقی و علمی مباحث کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس میں ہر پہلو پر شیخ الاسلام کے علمی و تحقیقی کتب، خطابات اور افادات سے بالعموم استفادہ کیا گیا ہے۔ اس کتاب کی تیاری میں بھی معاونت کا کام خواتین اسکالرز نے انجام دیا ہے۔

یہ امر ذہن نشین رہے کہ شیخ الاسلام نے اکتوبر 2004ء میں ویمن اسکالرز کے ساتھ ہونے والی پہلی میٹنگ میں تعلیماتِ اسلام سیریز کے بارے میں فرمایا کہ اِن شاء اللہ یہ کتب بطور نصاب پڑھائی جائیں گی۔ الحمد للہ! آپ کے فرمان کے مطابق اس وقت یہ کتب اندرون اور بیرون ملک بطور نصاب مختلف کورسز میں پڑھائی جا رہی ہیں اور ان کے ذریعے ہزارہا افرادِ معاشرہ آپ کی علمی و تحقیقی فکر سے استفادہ کر رہے ہیں۔

تبصرہ