خوشی ہے نئی نسل تعلیم کی ضرورت و اہمیت سے آگاہ ہے، منہاج ویمن لیگ کے وفد سے ملاقات
سوسائٹی میں اخلاقی گراوٹ کی بڑی وجہ خواتین کو تعلیم سے محروم رکھنا ہے؛ گفتگو
لاہور (یکم جنوری 2019) قائد تحریک منہاج القرآن و سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ خواتین معاشرے کی تشکیل نو میں کلیدی کردار کی حامل ہیں۔ ترقی کے مطلوبہ اہداف کیلئے خواتین کی تعلیم پر توجہ دی جائے ۔ خواتین کو تعلیم و تربیت کی فراہمی کے بغیرامن و ترقی کا کوئی ہدف پورا نہیں ہو سکتا۔ آج کے دور کی اخلاقی گراوٹ کی بڑی وجہ خواتین کو دینی، دنیاوی تعلیم و تربیت سے محروم رکھنا ہے۔ منہاج القرآن کے اصلاحی، تربیتی پروگرامز میں خواتین کی تعلیم و تربیت کو مرکزیت حاصل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز، مرکزی عہدیداران عائشہ مبشر، سدرہ کرامت، حاجرہ بی بی، صائمہ نور سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قرآن لرننگ کورس میں حصہ لینے والی ملک بھر سے آئی ہوئی پی ایچ ڈی، ایم فل اور ایم اے کی طالبات بھی موجود تھیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نئی نسل بالخصوص قوم کی بچیاں اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی ضرورت و اہمیت سے آگاہ ہیں اور تعلیمی شعبہ میں مختلف امتحانات میں بچیاں امتیازی پوزیشنز لے کر کامیاب ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرنے کا مطلب محض ڈگری یا نوکری حاصل کرنا نہیں ہوتا۔ دوسروں کو علمی، اخلاقی تربیت میں شریک کرنا اور صلاحیتوں سے دوسروں کو بہرہ مند کرنا اصل تقاضا اور ضرورت ہے اسی سوچ سے اعلیٰ اخلاقی اقدار پر مبنی معاشرے تشکیل پاتے ہیں اور ملک اور قومیں دنیا میں ممتاز ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ جو حکومت بھی خواتین کی تعلیم و تربیت پر انویسٹ کرے گی وہ تیز رفتار ترقی اور قیام امن کے تمام اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔
تبصرہ