دین اسلام قیامت تک کیلئے ہدایت کا ذریعہ ہے: فرح ناز

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام عرفان الہدایہ قرآن لرننگ کورس 22 دسمبر کو شروع ہو گا
10 روزہ قرآن لرننگ کورس میں تدریسی مہارت اور ریسرچ پر بھی خصوصی لیکچرز ہونگے
قرآن لرننگ کورس میں شرکت کیلئے خواتین زونل ناظمہ سے رابطہ کریں: مرکزی صدر ویمن لیگ

لاہور (17 دسمبر 2018) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر ویمن لیگ 22 دسمبر سے عرفان الہدایہ قرآن لرننگ کورس کا آغاز کر رہی ہے۔ جسکی رجسٹریشن کا آغاز 12 دسمبر سے شروع ہے جو 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 10 روزہ قرآن لرننگ کورس میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا، عقائد، اصول حدیث، الفقہ اور فن خطابت پر خصوصی لیکچرز دئیے جائیں گے اس کے علاوہ تدریسی مہارت اور ریسرچ تکنیکس پر بھی عملی مشقیں کورس کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دس روزہ کورس یکم جنوری کو اختتام پذیر ہو گا۔ اس حوالے سے خصوصی ملٹی میڈیا روم تیار کیا گیا ہے۔

فرح ناز نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ خاتم النبین ہیں ان کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اور دین اسلام قیامت تک کے انسانوں اور نسلوں کیلئے ذریعہ ہدایت اور رہنمائی ہے۔ اللہ اور اسکے رسول ﷺ کا حق پر مبنی پیغام اور تعلیمات موجودہ اور آئندہ نسلوں تک پہنچانے کا فریضہ امت محمدیہ کو سونپا گیا ہے۔ امت محمدیہ ﷺ کا ہر فرد مبلغ اسلام ہے، یہ فضیلت مرد و خواتین کو عطا ہوئی ہے۔ خواتین بھی داعیات اور مبلغات بن کر اس اہم دینی فریضے کو انجام دیں گی تو اعلیٰ اخلاقی، انسانی اقدار والے مصطفوی معاشرے کا قیام عمل میں آئیگا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت کے ہر فرد کو مبلغ اسلام بنانے کیلئے عظیم علمی، تحقیقی اور تجدیدی کام کیا ہے اور اس علمی سرمائے کو عامتہ الناس تک پہنچانے کیلئے تسلسل کے ساتھ علمی، روحانی محافل اور تعلیمی پروگرامز اور کورسز کا اجرا کیا جاتا ہے۔ خواتین کیلئے قرآن لرننگ کورس اسی خدمت دین کی ایک کڑی اور کاوش ہے، انہوں نے کہا کہ قرآن لرننگ کورس کی رجسٹریشن کیلئے خواتین منہاج القرآن ویمن لیگ کی زونل ناظمین سے رابطہ کریں۔

تبصرہ