منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کے زیراہتمام دسویں سالانہ سیدہ زینب علیہا السلام کانفرنس ملتان آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت آمنہ ہاشمی نے کی۔ مسز نصرت فردوس اور مسز رخشندہ قمر مہمان خصوصی تھیں۔ کانفرنس میں لاہور سے معروف خواتین سکالر اور نجی ٹی وی کی اینکر پرسن نرید فاطمہ نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ میدان کربلا میں سیدہ زینب علیہا السلام نے جس صبر واستقامت کا مظاہرہ کیا تاریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔
آپ نے خواتین کیلئے جبروبربریت کے خلاف ڈٹ جانے کی عظیم مثال قائم کی۔ آج ہم پر یزیدی نظام مسلط کردیا گیا ہے۔ معاشرے کو اس یزیدی نظام سے پاک کرنے کیلئے سیدہ زینب علیہا السلام کی سیرت پر عمل کرنا ہوگا۔ آج بھی سیدہ زینب علیہا السلام کا کردار و سیرت انقلابی خواتین کیلئے مشعل ِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیدہ زینب علیہا السلام نے میدانِ کربلا میں خواتین کیلئے حق کا معیار مقرر کردیا کہ جب بھی کسی یزید کا سامنا ہو تو اپنے خاندان کو قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے اور سیدہ زینب علیہا السلام کی باندیاں بن کر یزیدیت کو للکارنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جب وقت کے یزید صفت حکمرانوں نے ماڈل ٹائون میں گولیاں برسا کر آج کے دور کا کربلا برپا کیا تو سیدہ زینب علیہا السلام کی باندیاں سرپر کفن باندھ کر یزیدی جبر و بربریت کا مقابلہ کرنے کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئیں۔
منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع ملتان کی صدر ہما اسماعیل نے کہا کہ سیدہ زینب علیہ السلام نے دربار یزید میں جو تاریخی خطبہ دیا اس کی گونج آج بھی اہل حق خواتین کیلئے باعث تقویت ہے۔ آپ کے ولولہ انگیز اور انقلابی خطبے نے تخت یزید کو ہلا کے رکھ دیا۔
کانفرنس میں تحریک انصاف کی رہنما قربان فاطمہ، تحریک صوبہ ملتان کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل روبینہ انصاری اور دیگر جماعتوں کی خواتین رہنمائوں کے علاوہ معروف شخصیات پروفیسر ڈاکٹر مسز حمیدہ مظہر، ڈاکٹر سمیرا ابرار ملک، ڈاکٹر نگینہ زبیر، ڈاکٹر عالیہ رباب ہاشمی، مسز عدیلہ یاسر، مسز اشفاق احمد، مسز صائمہ شوکت، مسز مبصرہ احمد، مسز ریحانہ نواز، مسز بشریٰ منیر، مسز کامران شوکت، مسز رئیسہ کلیم، مسز محمد اسلم، نازیہ، مدیحہ جاوید، ڈاکٹرجمیلہ خالد، امِ لیلیٰ ہاشمی، حاجرہ طاہر ہاشمی، مہک علی، انعم مصطفی، مصباح مصطفی، صباء صفدر، ندا اشتیاق، سحرش حبیب، نتاشہ، سحرش، عائشہ، فوزیہ آصف، صدف اکرم چوہدری نے خصوصی شرکت کی۔
سیدہ زینب علیہا السلام کانفرنس میں منہاج ویمن نعت کونسل کی بچیوں نے دف کے ساتھ نعت شریف پیش کی جبکہ نقابت کے فرائض پروفیسر صدف نقوی نے سرانجام دئیے۔
تبصرہ