مادر ملت فاطمہ جناح پاکستان کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں: فرح ناز
فاطمہ جناح نے خواتین کے حقوق اور تعلیم و تربیت کی جو تحریک شروع کی وہ آج بھی جاری ہے
آج کی عورت فاطمہ جناح کی مسلمان خواتین کی آزادی کیلئے انتھک جدوجہد کی مقروض ہے
لاہور (31 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی صدر فرح ناز نے مادر ملت فاطمہ جناح کے 126 ویں یوم ولادت کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان کیلئے خواتین میں بیداری شعور پیدا کرنا مادر ملت فاطمہ جناح کا بہت بڑا کارنامہ تھا، مادر ملت نے خواتین کے حقوق اور تعلیم و تربیت کی جو تحریک 23 مارچ 1940ء سے شروع کی وہ پاکستان بننے کے بعد بھی جاری رہی، مادر ملت پاکستان کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں، اللہ ان کی قبر کو جنت کے باغات میں سے ایک باغ بنائے اور ان کے درجات بلند کرے۔
تقریب سے افنان بابر، عائشہ مبشر، زینب ارشد، ام حبیبہ اسماعیل نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر لبنیٰ مشتاق، میمونہ شفاعت، ثناء وحید، ایمن یوسف، نازیہ عبدالستار، کلثوم طفیل و دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔
فرح ناز نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح سیاسی بصیرت میں اپنے بھائی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی حقیقی جانشین تھیں، محترمہ فاطمہ جناح ایک ایسی ہستی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کو بھائی کی خدمت اور تحریک آزادی کیلئے وقف کر دیا تھا، محترمہ فاطمہ جناح قوم کی ماں کا لقب حاصل کر کے سرخرو ہوئیں، انہوں نے کہا کہ آج کی عورت محترمہ فاطمہ جناح کی تحریک پاکستان کیلئے سالہا سال کی پرخلوص خدمات اور مسلمان خواتین کی آزادی کیلئے انتھک جدوجہد کی مقروض ہے، حصول پاکستان کی جدوجہد میں مسلمان عورتوں میں زندگی کی نئی روح پھونکنے والی محترمہ فاطمہ جناح جذبہ خدمت، جرآت و بے باکی میں قائداعظم کی مثل تھیں، پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ مادر ملت کی تحریک پاکستان میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ جدوجہد، ملک و قوم کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
تبصرہ