شہر اعتکاف کا حصہ بننے والی خواتین خوش قسمت ہیں: منہاج القرآن ویمن لیگ

پورا سال اپنی مرضی سے گزارتے ہیں، 10 یوم اللہ کیلئے وقف کرنا بڑی سعاد ت ہے
ڈاکٹر غزالہ حسن قادری اور فضہ حسین قادری کی شہر اعتکاف میں خواتین معتفکین سے خطاب

لاہور (7 جون 2018) منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں خواتین معتکفین سے منہاج القرآن سپریم کونسل کی ممبر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری اور فضہ حسین قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورا سال ہم پرآسائش زندگی گزارتے ہیں، یہ 10 یوم اللہ کی رضا اور اصلاح احوال اور حضور نبی اکرم ﷺ کی مبارک زندگی کے مطابق گزار کر ہم دنیا و آخرت کی بیش قدر کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں، شہر اعتکاف میں خواتین معتکفین نے حلقہ دروس قرآن کے بعد نعتیہ محفل کاانعقاد بھی کیا جس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بحضور سرور کونین گلہائے عقیدت پیش کیے۔ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے خواتین کے اعتکاف کیلئے خصوصی طور پر تیار کیے گئے زینب ہال کا دورہ کیا اور انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف کا حصہ بننے والی خواتین خوش قسمت ہیں کہ اللہ نے انہیں فہم دین اور نیکیاں سمیٹنے کیلئے وقت نکالنے کی توفیق بخشی، نفسانفسی کے اس عالم میں سب کچھ میسر ہے مگر وقت جیسی دولت ناپید ہے، اللہ کیلئے وقت نکالنا عصر حاضری کی بہت بڑی سعادت ہے۔

فضہ حسین قادری نے نعتیہ محفل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطابات سے نواز رہے ہیں جس سے عقیدے کو تقویت ملنے کے ساتھ ساتھ اصلاح احوال کے تقاضے پورے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر خواتین کی اسلامی طریقے کے مطابق تعلیم و تربیت کے تقاضے پورے ہو جائیں تو پاکستان کو پرامن، خوشحال اسلامی معاشرہ میں تبدیل کرنے کی راہ میں جتنی بھی رکاوٹیں حائل ہیں وہ دورہو جائینگی کیونکہ بچے کی پہلی درسگاہ ماں کی گود ہے اور اگر ماں اسلامی مزاج اور تربیت کی حامل ہو گی تو اس تربیت کے اثرات و ثمرات بچہ بھی سمیٹے گا اور اس کے مثبت اثرات معاشرہ پر بھی مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن علم، محبت، بیداری شعور اسلامی خدمت اور کردار سازی کی عالمگیر تحریک ہے جس کا دائرہ 90 سے زائد ملکوں تک پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے اللہ اور علمائے حق کی صبحت سے نور باطن اور قلبی سکون میسر آتا ہے۔

تبصرہ