مریم صفدر ووٹ کو عزت دو کی بجائے عائشہ احد کو انصاف دو کے نعرے لگوائیں: فرح ناز

عائشہ احد نے نواز شریف سے بھی انصاف کی بھیک مانگی مگر انہوں نے دھتکار دیا: مرکزی صدر ویمن لیگ
ایسے نظام پر لعنت جس میں ایف آئی آر کے اندراج کے لیے 7سال احتجاج کرنا پڑے
چیف جسٹس سپریم کورٹ انسانی ہمدردی پر مبنی آئینی کردار ادا کرر ہے ہیں

لاہور (3 جون 2018) پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ بالآخر 7 سال بعد عائشہ احد کی بھی سنی گئی۔ مریم صفدر ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کی بجائے اب عائشہ احد کو ’’انصاف دو‘‘ کے نعرے لگوائیں، ایک خاتون ہونے کی حیثیت سے مریم صفدر کو عائشہ احد کے ساتھ کئے گئے ظلم کی مذمت کرنی چاہیے، عائشہ احد نے نواز شریف سے بھی انصاف مانگا تھا مگر انہوں نے دھتکار دیا، چیف جسٹس سپریم کورٹ کے انسانی ہمدردی پر مبنی آئینی کردار کے باعث 4 سال بعد ماڈل ٹاؤن کی شہیدہ تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کے انصاف کا عمل ٹریک پر چڑھا اور 7 سال بعد مغل بادشاہوں کے بے لگام شہزادے کی بربریت کے خلاف ایف آئی آر درج ہو سکی، وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خواتین کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ عائشہ احد طاقتور سفاک طبقہ کے خلاف حصول انصاف کی جدوجہد کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہیں، انہوں نے خاتون ہونے کے باوجود ظلم سے سمجھوتہ نہیں کیا اور بالآخر انصاف کی فراہمی کے عمل کی ابتداء ہوگئی، انہوں نے کہا کہ موجود نظام جمہوری یا انسانی نہیں بلکہ حیوانی ہے اس میں 14 قتل ہوئے اور شہریوں کے لواحقین کو ایف آئی آر کے اندراج کے لیے 70 دن کا دھرنا دینا پڑا اور انصاف کے لیے آگ اور خون کا دریا عبور کرنا پڑتا ہے، جب تک یہ نظام رہے گا شہباز شریف اور حمزہ شہباز جیسے ظالم اور سفاک حوا کی بیٹیوں کو قتل کرتے اور ان کی عزتیں تارتار کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ تنزیلہ امجد، شازیہ مرتضیٰ سمیت 14 بہن بھائیوں کے قاتل شبہاز شریف اور حمزہ شہباز کو گرفتار کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ایسے نظام پر لعنت جس میں ایف آئی آر کے اندراج کے لیے بھی 7 سال احتجاج کرنا پڑے۔

تبصرہ