منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 30 روزہ دروس عرفان القرآن جاری

اسلام کی خاتون اول حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اپنے مال اور اولاد سے اسلام کی آبیاری فرمائی: فرح ناز
سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا آج کی ماں، بیٹی، بیوی اور بہن کیلئے مشعل راہ ہیں، درس عرفان القرآن سے خطاب

Minhaj ul Quran Women League Duroos e Quran

لاہور (26 مئی 2018) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں رمضان المبارک کے ماہ مقدسہ میں 30 روزہ دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ دروس عرفان القرآن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی سکالرز مختلف موضوعات پر لیکچرز دے رہی ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے لاہور ماڈل ٹاؤن میں عظمت سیدہ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا حضور اقدس ﷺ کی پہلی زوجہ، سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرا کی والدہ، حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ اور امام حسین رضی اللہ عنہ کی نانی ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہا قریش خاندان کی معزز اور باوقار خاتون تھیں۔ حسن سیرت، اعلی اخلاق، بلند کردار، عزت و عصمت کی مالک، شرافت اور مرتبے کی وجہ سے مکہ المکرمہ اور گرد و نواح کے لوگوں میں ’’طاہرہ‘‘ کے خوبصورت اور پاکیزہ لقب سے مشہور تھیں۔ غریب پروری اور سخاوت حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی امتیازی خصوصیات تھیں۔ فرح ناز نے کہا کہ حضرت خدیجہ نے حضور ﷺ کی خدمت کر کے ایک اطاعت گزار بیوی ہونے کا ثبوت دیا۔ ہر وہ تکلیف جو نبی اکرم ﷺ کو دعوت اسلام میں پیش آتی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا پوری طرح اس میں آپ ﷺ کے شریک غم ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی خاتون اول حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اپنے مال اور اولاد سے اسلام کی آبیاری فرمائی۔ نبی اکرم ﷺ کی پہلی زوجہ ہونے کا اعزاز پا کر امیری کو خیر باد کہا اور حضور ﷺ کی سنگت کو اپنے لئے فخربنایا۔ محسن انسانیت ﷺ کی خاطر ہر مصیبت کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا، ام المومنین حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی موجودگی میں نبی اکرم ﷺ نے نکاح ثانی نہ فرما کر توقیر خدیجہ رضی اللہ عنہا میں اضافہ فرمایا۔ نبی پاک ﷺ نے فرمایا جب لوگوں نے میرا انکار کیا تو خدیجہ رضی اللہ عنہا نے میری تصدیق کی۔ سیدہ فاطمۃ الزہراہ جس کی بیٹی ہو اسکی ماں سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی عظمت کا اندازہ کون لگا سکتا ہے۔ آج ضرورت ہے کہ امہات المومنین کی عظمتوں کو اجاگر کیا جائے۔ قوم کی بیٹیوں کو امہات المومنین کے دینی جذبوں سے روشناس کروانا اہم اور ضروری ہے۔ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا آج کی ماں، بیٹی، بیوی اور بہن کیلئے مشعل راہ ہیں۔ آج کی عورت اگرحضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو اپنا آئیڈیل بنا لے تو ترقی و عظمت اس کے قدموں تلے ہو گی۔

تبصرہ