قرآن رشد و ہدایت کا منبع اور اصلاح احوال کا مرکز و محور ہے: فرح ناز کا لاہور کینیٹ میں خطاب
لاہور (24 مئی 2018) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں رمضان المبارک کے ماہ مقدسہ میں 30 روزہ دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ دروس عرفان القرآن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی سکالرز مختلف موضوعات پر لیکچرز دے رہی ہیں۔ مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز نے لاہور کینٹ میں درس عرفان القرآن دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ریت کے ذرات مل کر پہاڑ اور پانی کے قطرے مل کر دریا بنتے ہیں ایسے ہی افراد سے معاشرہ، معاشرے سے جماعت اور جماعت سے قوم بنتی ہے، بنیادی کام افراد کی اصلاح ہے، اسلامیان پاکستان کی اصلاح کا سارا سامان اللہ تعالیٰ کی نازل کردہ کتاب قرآن مجید میں ہے یہ رشد و ہدایت کا منبع اور مرکز و محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ افراد کی اصلاح کا بہترین مہینہ رمضان المبارک ہے، ترتیب کے اعتبار سے روزہ اسلام کا پانچواں رکن ہے۔ اسلام کے پہلے چار بنیادی ارکان کلمہ شہادت، نماز، زکوۃ اور حج سب کا تعلق انسان کے ظاہر کے ساتھ ہے مگر روزہ عابد و معبود، ساجد و مسجود کے درمیان ایک بندھن ہے۔ طہارت اور پاکیزگی اختیار کر کے مسلمان اصلاح و احوال اور اللہ کی خوشنودی کی منزل حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے خواتین کی تعلیم و تربیت اور قلبی روحانی تابندگی کیلئے خواتین سکالرز پر مشتمل ایسی ٹیم تشکیل دی ہے جو پاکستان کے ہر ضلع اور ہر شہر میں جا کر قرآن کے نورانی پیغام کو عام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی اسلامی تعلیم و تربیت سے سوسائٹی کو پر امن بنانے کے جملہ اہداف آسانی کے ساتھ حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
تبصرہ