منہاج القرآن ویمن لیگ کی 5 سو رکنی ’’ویمن پارلیمنٹ‘‘ کی تقریب حلف برداری

Minhaj Women League 500 members Female Parliament took Oath

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام اپنی نوعیت کی پہلی ’’ویمن پارلیمنٹ‘‘ کی 500 اراکین نے مؤرخہ 15 اپریل 2018 کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں حلف اٹھایا، تقریب میں سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ، پنجاب، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت بیرون ملک سے تعلق رکھنے والی عہدیدار خواتین نے شرکت کی، فرح ناز کو ویمن پارلیمنٹ کا سپیکر اور افنان بابر کو سیکرٹری نامزد کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ویمن پارلیمنٹ کی ممبران سے حلف لیا اور انہیں ایک عظیم مقصد کے حصول کیلئے جمع ہونے پر مبارکباد دی اور ویمن پارلیمنٹ کے حوالے سے دینی، ملی، قومی مقاصد کے حصول میں کامیابی کیلئے دعا کی۔ حلف برداری سے قبل قومی ترانہ پڑھا گیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر اور ویمن پارلیمنٹ کی سپیکر فرح ناز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ویمن امپاورمنٹ، خواتین میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، سیاسی، سماجی، معاشی امتیاز کے خاتمے کے خلاف یہ پارلیمنٹ نے اپنا موثر کردار ادا کریگی۔ انہوں نے بتایا کہ ویمن پارلیمنٹ کی ہر رکن ماسٹر ڈگری ہولڈر ہے اور پیشہ ورانہ تجربہ کی حامل خواتین کو بھی ویمن پارلیمنٹ کی رکنیت دی گئی ہے۔ فرح ناز نے بتایا کہ ویمن پارلیمنٹ خواتین کی سماجی، معاشی بہبود اور انکے خلاف استحصالی رویوں کے انسداد کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی، اس کیلئے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے پارلیمانی سیکرٹریز کا تقرر عمل میں لایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم تحریک منہاج القرآن اور اسکے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بے حد شکر گزار ہیں کہ انہوں نے خواتین کو دینی، سماجی کردار کی ادائیگی کیلئے منہاج القرآن کا باوقارپلیٹ فارم مہیا کیا، خواتین کی تربیت اور اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی فراہمی تحریک منہاج القرآن کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ فرح ناز نے ویمن پارلیمنٹ کی تقریب حلف برداری میں خصوصی شرکت کرنے پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری اور صدر ویمن لیگ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، بریگیڈئیر(ر) محمد اقبال، ڈاکٹر شاہدہ مغل، ڈاکٹر فوزیہ، ڈاکٹر ملیحہ سعدیہ، ڈاکٹر فرخ، محترمہ راضیہ شاہین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہیدہ تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کی تحریک کیلئے خدمات اور قربانی پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور فوری انصاف کی فراہمی اور قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

فرح ناز نے ویمن پارلیمنٹ کے خدو خال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ویمن پارلیمنٹ اعلیٰ سطح مشاورتی فورم ہو گا، ویمن ایگزیکٹو کونسل کی ممبران، ویمن کوآرڈینیشن کونسل کی ممبران، ضلع، تحصیل، پی پی حلقہ جات کی صدور اور ناظمات بلحاظ عہدہ ویمن پارلیمنٹ کی ممبرز ہونگی۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں مرکزی سطح پر مختلف انتظامی عہدوں پر کام کرنیوالی خواتین کو بھی پارلیمنٹ کا ممبر بنایا گیا ہے بیرون ملک سے تعلق رکھنے والی عہدیداروں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ ویمن پارلیمنٹ کا سال میں ایک اجلاس لازمی ہو گا، انہوں نے بتایا کہ ویمن پارلیمنٹ کی سرپرستی براہ راست چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کرینگے۔

ویمن پارلیمنٹ کے اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے فوری انصاف کیلئے نوٹس لینے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا گیا اور ایک قرارداد میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں شام کی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور ایک قرارداد کے ذریعے کہا گیا کہ عالمی طاقتیں عسکری قوت کے اندھا دھند استعمال سے گریز کریں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے شام کی صورتحال پر تشویش کا اظہار بجا تاہم وہ فوجی تصادم روکنے کیلئے اپنا فیصلہ کن عالمی کردار ادا کریں اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھائیں۔

Minhaj Women League 500 members Female Parliament took Oath

تبصرہ