شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا منہاج القرآن مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ منہاج القرآن ویمن لیگ کے 5 روزہ تنظیمی و تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشن پر کاربند رہتے ہوئے اہداف کے 100 فیصد حصول کیلئے فرد اور تنظیم کے مابین احترام پر مبنی رشتہ استوار کرنا ناگزیر ہے۔ اچھی ریلیشن شپ ولایت کا بیج ہے۔ نیت ہو تو بندے کا اللہ سے رشتہ قائم کرنا آسان ہے مگر بندے کا بندے سے رشتہ استوار کرنا اور نبھانا مشکل ہے۔ بندے کا اللہ سے رشتہ قائم کرنا اور اس تعلق کو قائم رکھنا اس لئے آسان ہے کہ بندہ نافرمانی پر اللہ سے بار بار معافی مانگ لیتا ہے اور کوئی شرمساری محسوس نہیں کرتا مگر بندے کا بندے سے معافی مانگنا اور پھر بندے کا بندے کو معاف کرنا ایک مشکل کام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امور دینیہ میں حقوق العباد کو بڑی اہمیت حاصل ہے، فقہ میں 90فی صد ابواب حقوق العباد سے متعلق ہیں، بقیہ امور و معاملات 10فی صد حصے پر مشتمل ہیں۔ فرد اور تنظیم، فرد کا فرد، کارکن کا غیر کارکن سے رشتہ احترام پر مبنی ہونا چاہیے اس ہیومن ریلیشن شپ میں مشن کی سربلندی اور تنظیمی، تربیتی، روحانی اہداف کا حصول یقینی ہے۔ آپس میں ریلیشن شپ اچھی ہونے سے دل اور راستے کھل جائینگے مشن بھی ترقی کرے گا اور دنیا و آخرت میں بھی کامیابیاں نصیب ہونگی۔ ہر ایک کے بارے میں بھلائی سوچیں بھلائی کریں، بھلائی بولیں، بھلائی کہیں اگر بھلائی نہیں کر سکتے تو کسی کا بُرا بھی نہ سوچیں۔ کردار و عمل کی اس فاؤنڈیشن کو ولایت کا مقام حاصل ہے۔ فرائض و واجبات اور شرعی امور پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ہیومن ریلیشن شپ پر محنت کرنا ہدایت اور ولایت کا راستہ ہے۔
تبصرہ