منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام پانچ روزہ تنظیمی تربیتی کیمپ 11 اپریل 2018ء سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں جاری ہے، جس میں ملک بھر سے زونل، ضلع اور تحصیل سطح کی تنظیمات شریک ہیں۔ کیمپ کے دوسرے روز تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری، ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، ڈاکٹر فضہ حسین قادری، نظامت تربیت منہاج القرآن کے ڈپٹی ڈائریکٹر سعید رضا بغدادی اور مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ افنان بابر نے شرکاء سے تربیتی امور پر گفتگو کی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے افتتاحی کلمات میں شرکاء اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دل و دماغ اور روح کا سکون، علمی روحانی اور انسانی خدمت کی عظیم تحریک، تحریک منہاج القرآن میں ہے۔ خدمت دین کی اس عظیم تحریک کی علمی، تحقیقی، اصلاحی اور فلاحی خدمات کی دنیا معترف ہے، اور انسانیت اس سے مستفید ہو رہی ہے۔
مسز فضہ حسین قادری نے دوسرے روز کے پہلے سیشن میں تنظیمی تربیتی کیمپ سے گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکردگی کو سراہا اور ویژن 2025 کے اہداف کے حصول کے لیے رہنمائی دی۔ انہوں نے تنظیمی امور کی انجام دہی سے متعلق پوچھے گئے سوالوں کے تفصیلی جوابات بھی دیے۔ ڈاکٹر فضہ حسین قادری نے کیمپ کا دورہ کیا اور شرکاء سے گفتگو کی۔
دن کے دوسرے سیشن میں ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے ’’لیڈر شپ کی صفات ‘‘ کے موضوع پر مفصل گفتگو کی۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی تمام ذمہ داران کو مصلح اور خیر باٹنے والی جماعت قرار دیتے ہوئے لیڈ ر شپ کی خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ اور قائدانہ صلاحیتوں کو عہدوں اور ذمہ داریوں سے بالاتر قرار دیا۔ اور فلاح انسانی کے لیے کاوشیں کرنے والوں کو حقیقی لیڈر قرار دیا۔
دن کے تیسرے سیشن میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تربیتی کیمپ میں ’’تحریک منہاج القرآن تجدیدی تحریک‘‘ کے عنوان سے خصوصی خطاب کیا۔ اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو متوازن اجزائے ترکیبی (احسن تقویم) کے ساتھ تخلیق کیا ہے۔ پھر اس کی تعلیم وتربیت اور روحانی بالیدگی کے لیے انبیاء مبعوث فرمائے۔ اس سلسلے کی آخری ہستی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔ آپ کے بعد انبیاء مبعوث نہیں ہوں گے، لیکن دعوتِ دین جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام صرف مسلمانوں کا نہیں، انسانیت کا دین ہے۔ انہوں کہا کہ لوگ حق کی تلاش میں ہیں اور سچائی کے پیاسے ہیں۔ مذہبی تنظیمیں اور جدید افکار و خیالات کی حامل متعدد جماعتیں دینی افکار کی اشاعت و فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔ دورِ حاضر کی تجدیدی تحریک ’تحریک منہاج القرآن‘ ہے جس کی گواہی اس کی فکر و عملی سرگرمیاں ہیں۔ انہوں نے کامیاب تربیتی کیمپ کے انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔
دوسرے دن کے آخری سیشن میں ڈائریکٹر ایڈمن محترم جواد حامد نے ماڈل ٹاؤن کیس اور جرات مند کارکنان کی صفات پر خصوصی گفتگو کی۔
تبصرہ