منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیدہ کائنات کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ اور امامیہ آرگنائزیشن کے زیراہتمام خاتون جنت’’سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرا علیھا السلام کانفرنس‘‘ 11 مارچ 2018ء کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ ’’سیدہ کائنات کانفرنس‘‘ سے عائشہ نذیر قادری، خانم سیدہ موسوی، فرح ناز، محترمہ نگہت اسرار، محترمہ شاہدہ ناصر، شازیہ قاسم، دُر ثمین، فرح ناز، افنان بابر ، ڈاکٹر شاہدہ مغل، ڈاکٹر نوشابہ حمید ، شازیہ قاسم ، شاہدہ ناصر، زینب ارشد، عائشہ قادری، ام حبیبہ اسماعیل اور ثمرین یاسین نے پروگرام میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ لاہور بھر سے خواتین کی بڑی تعداد کانفرنس کے شرکاء میں شامل تھی۔

خواتین مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم اپنے اہلبیت میں سے سب سے زیادہ محبت سیدہ کائنات علیھا السلام سے کرتے تھے۔ آپ اٹھنے بیٹھنے گفت و شنید میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مشابہ تھیں۔ خواتین مقررین نے کہا کہ خواتین سیدہ کائنات علیھا السلام کی حیات طیبہ کو مشعل راہ بنا کر دین اور دنیا کی کامیابیاں سمیٹ سکتی ہیں۔

خانم سیدہ موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات علیھا السلام حسن عمل اور حسن نیت کا پیکر تھیں، دین اور دنیا دونوں میں اعلیٰ پائے کی منتظم تھیں، انہوں نے اپنی گھریلو اور اسلامی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیا اور کوئی پہلو تشنہ نہیں رہنے دیا۔ سیدہ کائنات علیھا السلام ہمارے لئے رول ماڈل ہیں۔

مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات علیھا السلام کی عائلی زندگی آج کی ہر خاتون کیلئے ایک سبق ہے۔ آپ تنگ دستی میں بھی پیکر صبر و استقامت تھیں۔ انہوں نے ہر حال میں صبر اور شکر سے کام لیا اور کبھی حالات کی تلخی کا شکوہ زبان پر نہ لائیں۔ آج کی خواتین بھی سیدہ کائنات علیھا السلام سے سیکھیں، انکی پاک زندگی کا مطالعہ کریں۔ صبر اور شکر اللہ اور اسکے رسول کو انتہائی محبوب ہیں اور اس کیلئے اجر بھی عظیم ہے۔ سیدہ کائنات علیھا السلام آج کی خواتین کیلئے نمونہ عمل اور وسیلہ ہدایت ہیں۔

تبصرہ