پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے تیس، اکتیس اگست 2014 کے شہدائے انقلاب مارچ اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ویمن لیگ کی طرف سے شہداء کے ورثاء کے ہمراہ قرآن خوانی کی گئی اور یادگار پر شمعیں روشن کی گئیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاناما کے بعد ’’میٹرو لیکس‘‘ نے قاتل اعلیٰ کے چہرے پر پڑا نقاب ہٹا دیا، قاتل اعلیٰ کی وضاحتیں ’’کھسیانی بلی کھمبا نوچے‘‘ والی ہیں، میٹرو لیکس کی تحقیقات کیلئے پاناما طرز کی بااختیار جے آئی ٹی بنائی جائے۔ ہم اپنے شہداء کو بھولے اور نہ قاتلوں کے چہروں کو، شریف برادران ملکی سیاسی تاریخ میں عبرت کا نشان بنیں گے۔ بے گناہوں کا خون اور مظلوموں کی آہیں رنگ لائیں گی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے یادگار پر فاتحہ خوانی کی، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور ورثاء کی طرف سے، صبر اور استقامت کے مظاہرے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر تمام ونگز کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور فورم کے سربراہان و کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ ویمن لیگ کی طرف سے مرکزی صدر فرح ناز، افنان بابر، عائشہ مبشر، آمنہ بتول، زینب ارشد، کلثوم طفیل، اقراء یوسف جامی، کلثوم قمر، میمونہ شفاعت، بلقیس رانی و دیگر کارکنان نے قرآن خوانی کی اور یادگار پر شمعیں روشن کیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فرح ناز نے کہا کہ 17 جون 2014 ء کو قاتل حکمرانوں نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہمارے 14 کارکنوں جن میں ہماری دو بہنیں بھی شامل تھیں کی جانیں لیں، درجنوں کو زخمی کیا اور جب انصاف کیلئے عوام کے سب سے بڑے نمائندہ ایوان پارلیمنٹ کے سامنے گئے تو وہاں بھی ریاستی غنڈہ گردی کرتے ہوئے شریف برادران کے حکم پر مزید 7 کارکنوں کو شہید، سینکڑوں کو زخمی اور گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم انصاف بشکل قصاص کیلئے آخری حد تک جائیں گی۔
بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے دہشتگردی کی دفعہ کو دہشتگردوں کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے سیاسی کارکنوں کے خلاف استعمال کیا۔ اگست 2014ء میں گوجرہ میں ہمارے بے گناہ کارکنوں کو پولیس نے گھروں سے اٹھا کر دہشت گردی کی دفعات کے تحت گرفتار کیا جو اڑھائی سال تک جیلوں میں رہے۔ الحمدللہ دو روزقبل سپریم کورٹ نے دہشت گردی کی دفعات کو ختم کر دیا ہے جس کے باعث ہمارے 8 کارکنوں کی رہائی عمل میں آرہی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف دہشتگردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے کو سیاسی کارکنوں کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کرنے کی قانونی دہشتگردی کے مرتکب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان وطن عزیز میں انصاف اور انقلاب کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی کارکن لٹیروں کیلئے لوہے کا اصلی چنا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفاف انتخاب بے رحم احتساب کیلئے عوامی تحریک نے جانی، مالی قربانیاں دیں یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
تبصرہ