پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اور منہاج القرآن ویمن لیگ پنجاب کی ضلعی اور تحصیلی عہدیداران کا تنظیمی کنونشن 19 اگست 2017ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ کنونشن کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ تنویر خان بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی صدر فرح ناز، افنان بابر، عائشہ مبشر، زینب ارشد، کلثوم جاوید، آمنہ بتول، فرحت دلبر اعوان، زریں قادری، ناہیدہ راجپوت، ہما اسماعیل، حریرہ بابر بھی کنونشن میں شرکت کی۔
کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16 اگست کو لاہور مال روڈ پر ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے خلاف ہزاروں خواتین اور بچوں نے جس طرح اظہار عقیدت و محبت کیا وہ سفاک حکمرانوں کیلئے پیغام ہے، ظالم درندوں کے خلاف پوری قوم صف آراء ہے۔ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں اور انکی قربانیوں کو اپنے لئے فخر کا تاج بناتی ہیں۔
قوم کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ کھڑی ہیں، آج بھی قاتل حکمرانوں کی سوچ بدنیتی پر مبنی ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاون کے انصاف کے لیے جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے انتقام قصاص کی صورت میں لیں گے۔ قاتل حکمرانوں سے خون کے قطرے قطرے کا حساب لیں گے، اب سانپوں کے سر کچلنے کا وقت آ گیا ہے چور دروازے سے اقتدار میں آنے والے حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ ایک اللہ کی گرفت میں آ چکا ہے دوسراجلد اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہو گا۔ ملک کی آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔ خواتین ملک کی معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں مگر اس کیلئے بہترین اور موزوں پالیساں تشکیل دینا ہونگی۔ پالیسیاں بناتے وقت خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانا ہو گا کیونکہ اس کے بغیر خواتین کی بہبود اور ترقی کی حامل پالیسیاں تشکیل دینا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہو گی کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ تعلیم کے بغیر خواتین کی صلاحیتیں بے کار ہیں، خواتین کو تعلیم کی سہولتیں میسر ہونی چاہئیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ تعلیم کے حصول کی طرف راغب ہوں اور ملکی تعمیر و ترقی میں معاون و مددگار ثابت ہوں۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتل ہیں انکی موجودگی میں کس طرح انصاف کے تقاضے پورے ہونگے۔ احتساب کا پہیہ روکنے کیلئے سازشیں عروج پر ہیں۔ ایوان وزیر اعظم اور جاتی امراء ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف سازشوں کے مراکز ہیں۔ نااہل شخص اور انکے حواری ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف اکٹھے ہو گئے ہیں۔ نواز شریف اپنی ہی حکومت کے خلاف سر گرم ہو گئے ہیں۔ اس وقت حکومت نام کے کسی ادارے کا وجود نہیں ہے۔
کنونشن کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔ آخر میں تمام شرکاء کے لیے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
تبصرہ