عائشہ گلا لئی پڑھی لکھی خواتین کیلئے سیاسی کردار کی ادائیگی مشکل بنارہی ہیں: فرح ناز

میڈیا خواتین کے معاملات کو نہ اچھالے، پاکستان کے اسلامی تشخص کو نقصان پہنچ رہا ہے
منفی مہم سے سیاسی مفادات کا حصول اخلاقی دیوالیہ پن کی انتہا ہے، مرکزی ناظمہ منہاج القرآن

لاہور (3اگست2017) تحریک منہاج القرآن کی مرکزی ناظمہ فرح ناز نے کہا ہے کہ خواتین کو سیاست میں گھسیٹنا اخلاقی دیوالیہ پن کی انتہا ہے، عائشہ گلا لئی میڈیا مہم کے ذریعے پڑھی لکھی محب وطن خواتین کیلئے سیاسی، سماجی کردار کی ادائیگی کو مشکل بنارہی ہیں۔ پاکستانی معاشرے کے اندر پہلے ہی خواتین کیلئے رکاوٹیں کم نہیں ہیں۔ وہ جمعرات کو تحریک منہاج القرآن کے ماہانہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ اجلاس میں افنان بابر، زینب ارشد، عائشہ مبشر، آمنہ بتول و دیگر عہدیدار خواتین شریک تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ میڈیا خواتین کے معاملات کو نہ اچھالے اور نہ ہی کسی کے نجی معاملات کو تبصروں میں شامل کیا جائے، چند روز سے میڈیا پر جو کچھ چل رہا ہے اس سے سوسائٹی کے اجتماعی اخلاقیات پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور یہ کسی صورت اسلام، پاکستان، سیاست یا جمہوریت کی خدمت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتیات پر حملوں کے منفی سیاسی کلچر کی بنیاد حکمران جماعت ن لیگ نے رکھی اور وہ اس رویے کو بدلنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی یہ آئینی، اخلاقی، جمہوری، اسلامی ذمہ داری ہے کہ وہ مثبت اقدار کو فروغ دیں اور جو آگ وہ لگا رہے ہیں اس سے بچیں اور اس وقت سے ڈریں جب یہ آگ ان کے اپنے گھروں کا رخ کر لے گی۔ بے نظیر بھٹو سے لے کر نصرت بھٹو اور سیاستدانوں کی نجی زندگی کو میڈیا پر ن لیگ نے اچھالا اور اس سے سیاسی مفادات اٹھانے کی کوشش کی گئی یہ منفی سیاست ابھی بھی وہ جاری رکھے ہوئے ہیں، ن لیگ کی قیادت اس وقت اللہ کے غضب کا شکار ہے۔ ایسی حرکتوں سے اس غضب میں اضافہ نہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عائشہ گلا لئی قوم کی بیٹیوں اور خواتین کے حال پر رحم کریں، اپنے گلے شکوے دور کرنے کیلئے کوئی اور مناسب راستہ اختیار کریں۔

تبصرہ