آنے والی نسلوں کو مقام زہرہ کے آداب سیکھانا پوری امت مسلمہ کی
ذمہ داری ہے
تعلیمات زاہرہ پر عمل کرنا ہی آج کی عورت کے لیے راہ نجات ہے : مرکزی سیکرٹریٹ میں
تقریب سے خطاب
لاہور (29 مئی 2017) منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر فرح نازنے کہا ہے کہ سیدہ فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنہا وہ عظیم ہستی ہیں جن کے وجود کو مثال بنا کر اسلام نے عورت کی عظمت کو بیان کیا، سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا عورت کو بخشے گئے مقام اور احترام کا منبع ہیں، آج کی عورت اگر عزت اور احترام چاہتی ہے تو سیدۃ النساء کی مقدس سیرت کی پیروی کرنا ہوگی، سیدہ کائنات ہر موقع پر حضور اکرم ﷺ کے ساتھ رہیں، میدان جنگ میں بھی آپ حضور ﷺ کے ساتھ رہیں، اپنے شوہر کے ساتھ ملکر ہر سختی اور تنگی کو خوش دلی سے برداشت کیا، کونین کے والی کی پیاری دختر چکیاں تک پیستی رہیں، خاتون جنت نے اپنی اولاد امام حسن، امام حسین اور سیدہ زینب رضی اللہ عنہم کی ایسی تربیت فرمائی کہ ان نفوس قدسیہ نے تاریخ کے دھارے کو بدل ڈالا، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہرہ کے یوم وصال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہیں تھیں، اس موقع پر افنان بابر، عائشہ مبشر، زینب ارشد، صائمہ ایوب، عطیہ بنین، کلثوم جاوید و دیگر بھی موجود تھیں۔
فرح ناز نے کہا کہ سیدہ کائنات کی شخصیت پوری انسانیت کے لیے عظمت کا مینارہ نور ہے، مسلم خواتین کو صبر واستقامت اور شرم وحیا کا پیکربن کر جدید اور قدیم علوم کے حصول کو پہلی ترجیح دینا ہوگی، تعلیمات زاہرہ پر عمل کرنا ہی آج کی عورت کے لیے راہ نجات ہے، انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ بتول رضی اللہ عنہاکی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہوگا، عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھ کر امت مسلمہ کی خواتین کو یہ پیغام دیا تھا کہ سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنہا کے اسوہ کی خیرات کے بغیر ہم کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتے، فرح ناز نے کہا کہ سیدہ کائنات نے اپنی اولاد کی ایسی تربیت فرمائی کہ انکی اولادنے پوری انسانیت کو بچا لیا، آج سیدہ کائنات کے اسوہ پر چلنے والی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے، آنے والی نسلوں کو مقام زہرہ کے آداب سیکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔
تبصرہ