خاتون رکن پارلیمنٹ کے بارے میں خواجہ آصف کے ریمارکس قابل مذمت ہیں : صدر ویمن لیگ PAT
لاہور (18 مئی 2017) پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی صدر فرح ناز نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کی طرف سے خاتون رکن پارلیمنٹ عائشہ گلا لئی کے بارے میں نازیبا ریمارکس پر اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ حکومتی وزراء نے خواتین کے بارے توہین آمیز ریمارکس کو اپنی عادت بنا لیا۔ وزراء خواتین سے لڑنے کی بجائے عالمی عدالت انصاف میں نیک نیتی کے ساتھ کلبھوش کا مقدمہ لڑتے تو قوم کو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے سیاست میں غیر مہذب اور غیر شائسہ روایات کو جنم دیا اور بالخصوص خواتین کے حوالے سے انکے پارلیمانی رویے قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے فیصلے سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ چور کون ہے؟۔ حکمران خواتین پر آوازے کسنے کی بجائے اپنے مالی جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے خود کو احتساب کیلئے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہی حکمرانوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہماری دو بہنوں تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کے چہروں پر گولیاں مار کر انہیں شہید کیا اور ظالموں کے نزدیک نہ کسی خاتون کی عزت ہے نہ کسی بزرگ کی، اقتدار کے نشے میں بد مست حکمران پگڑیاں اچھال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ نے اس سے پہلے بھی خواتین اراکین اسمبلی کے بارے میں ہرزہ سرائی کی انہیں اپنی عمر اور منصب کا پاس بھی نہیں رہا ہم حیران ہیں کہ خواجہ آصف خواتین کے بارے میں نازیبا کلمات ادا کرنے کے بعد کس منہ سے اپنے خاندان کی خواتین کا سامنا کرتے ہونگے۔
تبصرہ