دہشت گردی، کرپشن، ٹیکس چوری، بھتہ خوری، منشیات فروشی ایک جیسے جرائم ہیں: بشارت جسپال
سپریم کورٹ ٹیکس چور حکمرانوں کے خلاف فیصلہ دے کر ملک و قوم پر احسان کرے : فیاض وڑائچ
کرپشن اور ٹیکس چوری عالمی سطح پر بنیادی انسانی حقوق سے متعلق کیس سمجھا جارہا ہے: بریگیڈیئر (ر) مشتاق
دلی خواہش ہے آرمی چیف کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے فیصلہ کن ایکشن لیں: نوراللہ صدیقی
لاہور (3 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ مذاکرہ میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس چور حکمرانوں اور اراکین اسمبلی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہیں۔ دہشتگردی، کرپشن، ٹیکس چوری، بھتہ خوری اور منشیات فروشی ایک جیسے جرائم ہیں۔ مذاکرہ میں مقررین نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ آرمی چیف اپنے اعلان اور عہد کے مطابق دہشت گردی اور کرپشن کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے فیصلہ کن ایکشن لیں۔
مذاکرہ میں صوبائی صدر بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر، فیاض وڑائچ، شمالی پنجاب کے صدر، بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق، مرکزی سیکرٹری اطلاعات، نوراللہ صدیقی، سردار شاکر مزاری، یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی، لائرز ونگ کے رہنما نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ اور علماء کونسل کے صدر علامہ امداد اللہ قادری نے شرکت کی۔
بشارت جسپال نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے بننے والا سپریم کمیشن ٹیکس چور حکمرانوں کے خلاف فیصلہ دے کر ملک و قوم پر احسان کرے۔ نواز شریف کے تینوں ادوار میں ٹیکس چوری اور قرض خوری کے جرم نے فروغ پایا اور آج ملک کے بچے بچے کا بال غیر ملکی قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ ٹیکس چور پاکستان کے دوست نہیں ہو سکتے۔ ٹیکس چوری انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ ریونیو ہو گا تو تعلیم، صحت کے منصوبے مکمل ہونگے۔ پاناما لیکس حکمران خاندان کے معاشی جرائم کی روداد ہے۔
بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق نے کہا کہ ہر سال 3 ٹریلین ڈالر آف شور کمپنیوں کے ذریعے چھپائے جارہے ہیں۔ یہ غریب عوام کی فلاح و بہبود کا پیسہ ہے جو پسماندہ ممالک کے بدقماش حکمران چوری کررہے ہیں۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں تجویز کیا گیا ہے کہ ٹیکس چوری میں ملوث حکومتوں کو آئی ایم ایف قرضے اور سہولتیں دینا بند کر دے یہ صائب اور قابل عمل تجویز ہے۔ ٹیکس چوری اور دو نمبر ذرائع سے حاصل کی جانے والی دولت اس وقت عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں اور بزنس مینوں نے 32 ٹریلین ڈالر آف شور کمپنیوں کے ذریعے چھپا رکھے ہیں۔ یہ پیسہ غریب ممالک میں واپس آجائے تو کسی ملک کا کوئی شہری بھوکا نہ سوئے۔
سردار شاکر مزاری نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹیکس چوروں کے خلاف انتخابی مہم چلنی چاہیے۔ ٹیکس چوری، کرپشن، بھتہ خوری انسانیت کے خلاف جرائم ہیں۔ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ساری عمر کرپشن کے خلاف جدوجہد کی۔ موجودہ حکمران ملک کیلئے خطرہ ہیں۔ نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جنہوں نے اثاثے چھپائے اور ٹیکس چوری کیا ان کا اسمبلیوں میں داخلہ بند ہونا چاہیے۔
علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ جو صادق اور امین نہیں وہ عوام اور اللہ کا مجرم ہے۔ جس ملک کے حکمران ٹیکس چور ہوں وہاں عوام کیوں ٹیکس دینگے۔ اسحاق ڈار نے نومبر اور جنوری کے دو ماہ میں 1 ہزار ارب کے قرضے لینے کا پلان بنایا ہے۔ یہ ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبانے کا منصوبہ ہے۔
تبصرہ