منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیدہ زینب سلام اللہ علیہا سیمینار 7 اکتوبر کو ہو گا

مختلف مذہبی، سیاسی، علمی اور سماجی خواتین رہنما خطاب کریں گی
کربلا میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کا مثالی صبر دین کی بقا کیلئے تھا، افنان بابر

لاہور (04 اکتوبر 2016) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام بنت علی سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی عظمت، صبر، تقوی، روحانیت اور شخصیت کے حوالے سے اہم سیمینار 7 اکتوبر (جمعۃ المبارک) کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گا۔ سیمینار میں مقررین سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی فہم و فراست، دین اسلام کیلئے دی جانیوالی قربانیوں اور واقعہ کربلا میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے صبر اورجرات پر اظہار خیال کریں گی۔ سیمینار میں مختلف مذہبی، علمی، سیاسی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم خواتین رہنما شرکت کریں گی۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا سیمینار کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے منہاج القرآن ویمن لیگ کا مرکزی سیکرٹریٹ میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ افنان بابر نے کہاکہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا اس ماں کی بیٹی ہیں جو قرآن کریم کے مطابق خیر کثیر کے مصداق ہیں۔ رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جن کے ہاتھ مبارک چومتے اور فرماتے میری بیٹی فاطمہ سلام اللہ علیہا جنت کے پھولوں میں سے ایک پھول ہے اور مجھے فاطمہ سلام اللہ علیہا سے بہشت کی خوشبو آتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا ایک ایسی ماں ہیں جنہوں نے کربلا میں دین اسلام کیلئے اپنی بیٹوں عون و محمد کو قربان کر دیا۔ بی بی زینب سلام اللہ علیہا کا صبر وہ صبر نہیں جس کے اختیار کرنے پر انسان مجبور ہوتا ہے بلکہ یہ صبر دین کی بقا کیلئے تھا۔

7 اکتوبر کو ہونیوالے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا سیمینار کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، سیمینار میں اہم خواتین رہنما سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گی۔ اجلاس سے عائشہ مبشر، زینب ارشاد، گلشن ارشاد، انیلہ الیاس و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ