تعلیمات زہرا سلام اللہ علیہا دنیا و آخرت میں نجات کا ذریعہ ہیں، مرکزی سیکرٹریٹ میں فکری نشست سے خطاب
لاہور (9 جون 2016) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہاکہ آج کی عورت کو سیدہ کائنات فاطمہ الزہراہ سلام اللہ علیہا کی صفات میں ڈھل کر انکے کردار کا مظہر بننا ہو گا۔ سیدہ کائنات کی شخصیت کو آئیڈیل بنائے بغیر آئندہ نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنانا ممکن نہیں۔ حضرت فاطمہ الزہراہ سلام اللہ علیہا کی شخصیت پوری انسانیت کیلئے مینارہ نور ہے۔ تعلیمات زہرہ سلام اللہ علیہا پر عمل کرنے میں ہی دنیا و آخرت میں راہ نجات ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام سیدہ کائنات حضرت فاطمہ الزہراہ سلام اللہ علیہا کے یوم وصال کے حوالے سے منعقدہ فکری نشست سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ فاطمہ سلام اللہ علیہا میرے جگر کا ٹکڑا ہے، جس نے اسے ناراض کیا بے شک اس نے مجھے ناراض کیا۔ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معمول تھا کہ جب سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا آپکی بارگاہ میں تشریف لاتیں تو آ قائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شفقت اور ازراہ محبت اپنی لاڈلی بیٹی کے استقبال کیلئے کھڑے ہو جاتے ’’ مرحبا یا فاطمہ سلام اللہ علیہا ‘‘ کہہ کر انکا ہاتھ پکڑ لیتے اور اسے بوسہ دیتے۔ انہوں نے کہاکہ خاتون جنت کا نام نامی ہونٹوں پر آتا ہے تو پلکیں احتراماً جھک جاتی ہیں، فضا میں احترام کی مقدس چادر سی تن جاتی ہے۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا انتہائی متقی، پرہیز گار اور شب زندہ دار تھیں، ساری ساری رات آپکی ایک سجدے میں گزرجاتی۔ سجدہ اتنا طویل ہوتا کہ فجر ہو جاتی۔ سیدہ کائنات کثرت سے روزے رکھا کرتی تھیں۔ فرح ناز نے کہاکہ سیدہ کائنات کی تعلیمات کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے کیلئے ماؤں کو اولاد کی تربیت کے رہنما اصول خاتون جنت کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنا ہونگے۔ سیدہ کائنات نے امام حسن، امام حسین اور سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں قیامت تک کیلئے دین محمدی کے پرچم کو سربلند کر دیا۔
تبصرہ