’’سانحہ ماڈل ٹاؤن، ملک بھر سے خواتین 17 جون کو دھرنے میں شرکت کرینگی‘‘

شہید کارکنان سے عہد کرتے ہیں کہ انکی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے: فرح ناز

لاہور (یکم جون 2016) پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف لینے کیلئے ملک کے کونے کونے سے خواتین 17جون کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کریں گی، پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی دو کارکن خواتین نے ظلم کے نظام کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ پنجاب پولیس کی گولیوں کا نشانہ بننے والی شازیہ مرتضی اور تنزیلہ امجد نے 17 جون 2014 کے دن اپنی جان قربان کرکے حکمرانوں کے خونی چہروں سے نقاب الٹ دیا تھا، پنجاب پولیس کے درندوں نے نہتی خواتین کے منہ پر گولیاں مار کر ظلم و بربریت کی وہ خونی تاریخ رقم کی جس کی مثال نہیں ملتی۔ جب تک قاتلوں کو پھانسی پھندے پر لٹکتا نہیں دیکھ لیتے چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں 17 جون مال روڈ پر احتجاجی دھرنے کے حوالے سے عوامی تحریک ویمن ونگ کی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر عائشہ مبشر، زینت، افنان بابر بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری پرسی پر اپنی شہید کارکنان سے عہد کرتے ہیں کہ انکی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے، ظلم کی سیاہ رات جتنی بھی تاریک ہو جائے ایک دن انقلاب کا سویرا ضرور طلوع ہو گا اور قاتل اپنے انجام بد سے بچ نہیں پائیں گے۔

تبصرہ