منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیدہ عائشہ صدیقہ و سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنھما کانفرنس مورخہ 13 ستمبر 2008ء کو تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں گوشہ درود کے نو تعمیر شدہ ہال میں منعقد ہوئی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صاحبزادیوں محترمہ قرۃ العین فاطمہ اور محترمہ قرۃ العین عائشہ نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں جسٹس (ر) منیر احمد مغل مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ سیکرٹری انفارمیشن امامیہ آرگنائزیشن محترمہ لبنیٰ زیدی، ایم پی اے محترمہ غزالہ سعد رفیق معزز مہمانوں میں شامل تھیں۔
تحریک منہاج القرآن کے امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب امیر تحریک بریگیڈئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم علماء کونسل صاحبزادہ محمد حسین آزاد، ناظم منہاج ایجوکیشن سوسائٹی شاہد لطیف قادری اور تحریک کے دیگر مرکزی قائدین بھی دیگر مہمانوں میں شامل تھے۔
تقریب کا آغاز عفت وحید کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خالدہ رحمٰن نے پیش کی۔
مہمان خصوصی جسٹس (ر) منیر احمد مغل نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن دو ہستیوں کی یاد میں آج یہ عظیم الشان محفل انعقاد پذیر ہے ان کا تعلق حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آج ان دونوں ہستیوں کے اسوہ سے اپنے عمل کی راہ متعین کرنا ہوگی۔ آج ماؤں کو اپنی اولاد کی تربیت اس انداز میں کرنا ہوگی کہ ہماری آئندہ نسل سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا اور سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کے مشن کو آگے بڑھا سکے۔ اگر آج یہ جذبہ ہماری خواتین میں پیدا ہو جائے تو پھراس ملک کے ہر گھر میں ایک مثبت تبدیلی آ ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عظیم مائیں عظیم بچوں کو جنم دیتی ہیں۔ آج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دین کی ترویج و اشاعت کیلئے کاوشیں ان کے ماں باپ کی تربیت کا نتیجہ ہیں۔ ازواج مطہرات رضی اللہ عنھما اور بنات نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذوات مبارکہ ہماری ماؤں اور بہنوں کیلئے نمونہ ہیں۔
امامیہ آرگنائزیشن کی سیکرٹری انفارمیشن لبنیٰ زیدی نے کہا کہ آج امت میں انتشار پیدا کرنے کیلئے شیعہ اور سنی فسادات کروائے جا رہے ہیں۔ اس کا مقصد امت مسلمہ کو مختلف دھڑوں میں بکھیرنا اور انتشار پیدا کرنا ہے۔ یہ سب کچھ اہل بیت اطہار رضی اللہ عنھم، صحابہ کرام رضی اللہ عنھم ا ور امہات المومنین رضی اللہ عنھن کے عقیدت مندوں میں تفریق پیدا کرنے کے لیے ہے جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا اور سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنھا کا باہمی تعلق ماں بیٹی کا تھا۔ ماں اور بیٹی کے درمیان انمٹ اور دلی محبت آج کی ماں اور بیٹی کیلئے نمونہ عمل ہے۔ اگر ان میں اختلافات ہوتے تو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا کبھی سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کے فضائل و مناقب بیان نہ فرماتیں۔ دوسری طرف حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنھا کو اپنے جگر کا ٹکڑا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کی سیرت و کردار کو اپنا کر سنی اور شیعہ اتحاد کی ضرورت ہے۔
دختر شیخ الاسلام قرۃ العین فاطمہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا سے بے پناہ محبت تھی جس کے اظہار کیلئے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ نے فرمایا کہ فاطمہ میرے جسم کا حصہ ہے جس نے اس کو ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا۔ جو فاطمہ رضی اللہ عنھا سے محبت کرے گا وہ دوزخ سے آزاد ہے۔ آپ نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنھا سیدہ کائنات اور سیدہ محشر ہیں جبکہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا حسن سیرت اور حسن بصیرت کا مرقع تھیں۔ خواتین میں حسن علمی اور احادیث کے علم کی میراث کو منتقل کرنے میں ان کا کوئی ہم پلہ نہ تھا۔ آٹھ ہزار صحابہ و صحابیات ان کے شاگرد تھے۔ زہد و تقوی میں بلند مقام رکھنے والی آپ عابدہ، مجاہدہ اور سخی خاتون تھیں۔ آپ سے 2210 احادیث مبارکہ کا ایک عظیم علمی خزانہ امت مسلمہ کو میسر آیا۔
دختر شیخ الاسلام عائشہ قرۃ العین نے اپنے خطاب میں عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت رکھنی والی ہستیوں کا ذکر کثیر خیر و برکت کا باعث ہے اور سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا اور سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنھا وہ عظیم ہستیاں ہیں جن سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خصوصی محبت تھی ۔ آج کی ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کو اپنے کردار کو ان ہستیوں کے سانچے میں ڈھالنا چاہیے تاکہ آج بھی حضرت امام حسین رضی اللہ عنھا اور حضرت امام حسن رضی اللہ عنھا کی سیرت کو کردار زندہ رکھنے والے سپوت پیدا ہوں جو اسلام کے زوال کو عروج میں بدل دیں۔
صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فاطمہ مشہدی نے کہا کہ کائنات علم و عمل اور پیکران صدق و وفا تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبوب اہلیہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا اور محبوب بیٹی سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنھا کی مبارک سیرت ہمارے لئے اسوہ ہے۔ آج اس پیغام علم و عمل کو ہمیں ہر گھر میں عام کرنا ہوگا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ سمیرا رفاقت نے کہا کہ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا اور سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنھا کے سیرت و کردار کو آج کی خواتین کے سامنے اجاگر کرنا ہے تاکہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی عملی زندگی کو تبدیل کریں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں اس عظیم مشن کو آگے بڑھانے میں مصروف عمل ہے اور ان شاء اللہ آج مسلم خواتین اپنے اندر تبدیلی پیدا کرینگی۔
معروف ریسرچ سکالر فریدہ سجاد نے کہا کہ ان دونوں ہستیوں کے اسوہ پر عمل کرکے ہی آج اسلام کے خلاف کی جانی والی ریشہ دوانیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اگر آج ہم نے اسلام کیخلاف پراپیگنڈے کا کھلم کھلا جواب نہ دیا تو پھر یہ دین وملت کے لیے خطرہ ہوگا۔ کانفرنس کا اختتام دعا سے ہوا۔
تبصرہ