قبضہ گروپوں کے ظلم کا شکار خاتون حرا کو انصاف دیا جائے، عوامی تحریک ویمن ونگ

خادم اعلیٰ کی پولیس کی توجہ حاصل کرنے کیلئے مظلوموں کو جان سے گزرنا پڑتا ہے
لاہور پولیس مافیا کا روپ دھار چکی ہے، فرح ناز، عائشہ مبشر، افنان بابر

لاہور (5 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک کی سینئر خواتین رہنماؤں نے قبضہ گروپوں کے ظلم کا شکار سی پی او آفس کے باہر خود کشی کی کوشش کرنے والی خاتون حرا عثمان کو انصاف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مرکزی رہنماؤں فرح ناز، عائشہ مبشر اور افنان بابر نے کہا کہ شہر میں پولیس کی سر پرستی میں متحرک قبضہ مافیا سادہ لوح شہریوں کو لوٹ رہا ہے اور خادم اعلیٰ کی پولیس کی توجہ حاصل کرنے کیلئے مظلوموں کو جان سے گزرنا پڑتا ہے۔ خاتون حرا نے رقم ادا کی مگر اسے گھر دینے کی بجائے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنا شروع ہو گئیں۔ حرا عثمان کا کہنا ہے کہ قبضہ گروپ کی سرپرستی مقامی ایس پی اور ڈی ایس پی کر رہا ہے جو ایک سنگین معاملہ ہے۔ فرح ناز نے کہا کہ پولیس کی سر پرستی کے بغیر کوئی جرم نہیں ہو سکتا۔ خادم اعلیٰ پنجاب جو پولیس سے سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے کام لیتے ہیں انہوں نے بھی پولیس مافیا کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ خواتین رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حرا عثمان کے ساتھ ہونے والے ظلم کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور اس کے ساتھ انصاف کیا جائے۔

تبصرہ