لاہور: منہاج القرآن ویمن لیگ کی قائد ڈے تقریبات، شیخ الاسلام کو قیام امن کیلئے عظیم خدمات پر خراج تحسین‎

منہاج القرآن ویمن لیگ نے 15 فروری 2016 کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر قائد ڈے کی چار روزہ تقریبات کا آغاز کیا، ان تقریبات کا مقصد اللہ تعالیٰ کے حضور اظہار تشکر اور شیخ الاسلام کی عالمی سطح پر قیام امن اور فروغ محبت و رواداری کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو نمایاں کرنا اور انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت قائد ڈے کے سلسلہ تقریبات کی چوتھی اور آخری تقریب 18 فروری 2016 کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد کی گئی جس کی مہمانِ خصوصی فضہ حسین قادری تھیں۔ تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی عہدیداران و کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا۔ عائشہ قادری نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے، جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی سیکرٹری جنرل افنان بابر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

فضہ حسین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد ڈے کے اس موقع پر ہم اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے موجودہ دورِ فتن میں شیخ الاسلام جیسی اپنی عظیم نعمت سے نوازا۔ شیخ الاسلام کا وجود سراپا امن و سلامتی اور محبت ہے اس لئے ان کے ہر لفظ سے انسانیت کیلئے محبت اور سلامتی کے رویے پھوٹتے ہیں۔ بلاشبہ وہ تجدید دین کی بڑی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مجدد وقت مشرق اور مغرب کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ امت مسلمہ کی آنیوالی نسلوں کیلئے بھی آئیڈیل ہیں اور انکی فکر اگلی کئی صدیوں تک مشعل راہ رہے گی۔ وہ امت مسلمہ کی مشکلات، مسائل کا ادراک اور انکو حل کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔ انکی ذات عرب و عجم میں امت مسلمہ کیلئے قابل فخر ہے۔

ڈائریکٹر اوری فلیم ارسلا فارس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری وہ واحد مسلم سکالر ہیں جن کی عالمی سطح پر خدمات کو دیکھ کر مجھے نہایت خوشی حاصل ہوئی اور ان کے علمی کام سے بہت متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کے ہمہ جہت کردار کو مذہبی و اخلاقی اور معاشرتی و سماجی ہر اعتبار سے اہمیت سے ہمکنار کیا ہے۔ عورت نہ صرف گھر کو کامیاب چلا سکتی ہے بلکہ معاشرہ کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

منہاج یونیورسٹی لاہور میں شعبہ آئی ٹی کی ڈین سمرین اختر نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کا حصہ بننے کے بعد انہیں اس بات کا اندازہ ہوا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل وہ واحد آرگنائزیشن ہے کہ جس کا ایجوکیشنل سیٹ اپ بہت بااثر ہے، جس نے دینی و جدید دنیاوی علوم کو یکجا کر کے انتہا پسندی سے پاک اور اعتدال پسند اسلامی معاشرہ کی تشکیل کی بنیاد رکھ دی۔ جدید عصری علوم سے آراستہ منہاج یونیورسٹی لاہور کا قیام بہت بڑا کام ہے۔

ماہر تعلیم مسز لبنی ہاشمی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بلاشبہ قابلِ رشک خوبیوں کے مالک ہیں۔ وہ بیک وقت عالم باعمل، پراثر مقرر اور صاحب طرز اسلوب نگار مصنف ہیں۔

آئی بی ایل آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مسز راحیلہ سعید نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آئی بی ایل آرگنائزیشن معاشرے میں خواتین کو درپیش مسائل کا حل دے رہی ہے، اس سلسلے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے افکار ان کے لیے راہنمائی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سماجی و سیاسی خدمات کو سراہا۔

صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز نے مہمانوں اور شرکاء کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر فرح ناز نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تجدیدِ دین، فروغِ امن اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات سنہرے حروف سے لکھی جانے والی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امید کی روشن ترین کرن ڈاکٹر طاہرالقادری ہیں، جب دہشت گردی سے اسلام اور پاکستان کا چہرہ مسخ ہو رہا تھا تو ڈاکٹر طاہرالقادری کی جرات مندانہ آواز نے دنیا کی سوچ بدل دی۔

تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی فضہ حسین قادری نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان کی درازئ عمر کی دعا کی۔

 

تبصرہ