تھرپارکر میں سینکڑوں معصوم بچوں کی ہلاکت کے ذمہ دار حکمران
اور موجودہ ظالمانہ نظام ہے
باچا خان یونیورسٹی میں دہشتگردی مذمت کرتے ہیں، دہشتگردوں کے معاون اور سہولت کار
حکمران ہیں
ماڈل ٹاؤن میں خواتین کو اس لیے شہید کیا گیا تھا کہ وہ انقلاب کیلئے گھروں سے نہ
نکلیں، خطاب
لاہور (23 جنوری 2016) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ غیر آئینی الیکشن کے بعد بننے والی مرکزی اور صوبائی حکومتیں آئے روز کوئی نہ کوئی گل کھلاتی رہتی ہیں، تھرپارکر میں سینکڑوں معصوم بچوں کی ہلاکت کے ذمہ دار حکمران اور موجودہ ظالمانہ نظام ہے جس نے صرف چند خاندانوں کو حق حکمرانی دے رکھا ہے، سندھ فیسٹیول اور پنجاب میں اخروٹ توڑنے جیسے ریکارڈ قائم کرنے والے حکمرانوں کو صرف اقتدار اور لوٹ مار سے غرض ہے، عوام اس یقین کے ساتھ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دست و بازو بنیں کہ 2016ء انقلاب کا سال ہو گا۔ دہشتگردوں سے ہمدردی رکھنے والے حکمران ویژن، سیاسی بصیرت اور جرات سے عاری ہیں، باچا خان یونیورسٹی میں دہشتگردی مذمت کرتے ہیں، ذمہ دار دہشتگردوں کے معاون اور سہولت کار حکمران ہیں۔ ملک کے کونے کونے میں عدم تحفظ کے احساس نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور مرکزی حکومت دہشتگردوں کے ساتھ نرمی برتنے کی ڈھٹائی پر قائم ہے، ریاست کو کمزور کرنے والے حکمرانوں کا علاج صرف اور صرف انقلاب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر راضیہ نوید، عائشہ مبشر، طاہرہ خان، افنان بابر، گلشن ارشاد، زینب ارشد اور عطیہ بنین بھی موجود تھیں۔
فرح ناز نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا بدلہ آئین اور قانون کے مطابق لیں گے۔ قاتل حکمران بہت جلد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونگے، کرپٹ سیاستدانوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔ ملک کو پولیس سٹیٹ بنانے والوں کا محاسبہ کیا جائیگا۔ حکمرانوں کے ایماء پر خواتین کو اس لیے شہید کیا گیا تھا کہ وہ انقلاب کیلئے گھروں سے نہ نکلیں مگر خواتین اس ظلم کے خلاف کھڑی ہو چکی ہیں اور انہیں انقلاب میں کلیدی کردار ادا کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
تبصرہ